اورنگی میں ٹینکر بائیک پر چڑھ دوڑا ماں اور شیر خوار بچہ جاں بحق باپ زخمی

بلوچ کالونی پل کے قریب بائیک سلپ ہونے سے نوجوان نبیل اور بلدیہ حب ریور روڈ پر حادثے میں 65 سالہ حسنین جاں بحق

(فوٹو : ایکسپریس)

اورنگی ٹاؤن میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو کچل دیا، ماں اور شیر خوار بچہ جاں بحق اور باپ زخمی ہوگیا، دیگر ٹریفک حادثات میں نوجوان سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے علی گڑھ کالونی کچی آبادی کے رہائشی محمد موسی کے 7 ماہ کے بیٹے رمضان موسیٰ کی طبیعت خراب تھی جیسے دکھانے کے لیے میاں بیوی موٹر سائیکل پر اسپتال لے جارہے تھے جب وہ قصبہ موڑ شہزاد چوک پر پہنچے عقب سے آنے والے تیز رفتار واٹر ٹینکر نے انہیں کچل تھا اور بجلی کے کھمبے میں گھس گیا جس پر نصب پی ایم ٹی بھی زور دار دھماکے سے گرگئی۔

حادثہ دیکھ کر موقع پر موجود لوگ چیخنے لگے، ڈرائیور حادثے کے بعد ٹینکر چھوڑ کر فرار ہوگیا، موقع پر موجود 24 سالہ سدرہ موسی اس کے 7 ماہ کے بیٹے رمضان موسیٰ نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ بچے کا باپ موسی زخمی ہوگیا، دونوں جاں بحق اور زخمی کو فوری طور پر ایمبولینسوں کے ذریعے الگ الگ اسپتال پہنچایا گیا۔


پیر آباد پولیس نے اسپتال پہنچ کر قانونی کارروائی کے بعد ماں بیٹے کی لاشیں ورثا کے حوالے کردیں جبکہ زخمی کو سول اسپتال پہنچایا جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور اور اس کے مالک کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

زخمی موسیٰ ایک فیکٹری میں چوکی داری کرتا ہے اور اس کی ایک ہی اولاد تھی۔ ورثا اسپتال پہنچ کر سسکیوں سے رونے لگے، اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کا کہنا ہے جس جگہ حادثہ ہوا وہاں کوئی بھی اسپیڈ بریکر نہیں ہے جس کی وجہ سے ٹینکر ڈرائیور تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہیں، ہفتے بھر میں تین سے چار حادثات ہوتے ہیں متعلقہ ادارے کو شکایت بھی کرچکے ہیں مگر کوئی سنوائی نہیں ہوتی۔

دریں اثنا ہفتے کی صبح سات بجے کے قریب شارع فیصل بلوچ کالونی پل کے قریب 20 سالہ نوجوان موٹر سائیکل پرجارہا تھا کہ اچانک اس کی موٹر سائیکل سلپ ہوگئی اور وہ گرکر جاں بحق ہوگیا۔ میت کو ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال پہنچایا جہاں متوفی کی شناخت نبیل کے نام سے ہوئی۔

تیسرا واقعہ بلدیہ حب ریور روڈ پر پیش آیا جس میں 65 سالہ حسنین سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم موٹر گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔
Load Next Story