بھارت نے نریندرمودی کی حلف برداری کی تقریب میں نوازشریف کو شرکت کی دعوت دیدی

اس بات کا امکان کم ہے نواز شریف خود شرکت کریں ہوسکتا ہے کہ وہ اپنی جگہ کسی بھی حکومتی اہلکارکو بھیج دیں، بھارتی میڈیا

بھارت کے نئے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے دیا جانے والا دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے، ترجمان دفترخارجہ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
بھارت نے نریندرمودی کی وزارت عظمیٰ کی حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم نوازشریف کو شرکت کی دعوت دی ہے۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بھارتیہ جنتاپارٹی کی خاتون ترجمان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی وزارت عظمیٰ کی حلف برداری کی تقریب 26 مئی کو ایوان صدر(راشٹرپتی بھون) نئی دلی میں ہوگی جس میں شرکت کے لئے پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف سمیت دیگر سارک ممالک کے سربراہان حکومت کو دعوت دی گئی ہے۔


بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان بہت کم ہے تقریب میں پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف خود شرکت کریں بلکہ ہوسکتا ہے کہ وہ اپنی جگہ کسی بھی حکومتی اہلکارکو بھیج دیں۔

دوسری جانب دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ بھارت کے نئے وزیراعظم کی 26 مئی کو ہونے والی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے وزیر اعظم نوازشریف کو دیا جانے والا دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے 16 مئی کو بھارت میں مستقبل کے وزیراعظم نریندر مودی کو ٹیلی فون پران کی جماعت کی شاندار کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔
Load Next Story