تم اسرائیل کیخلاف کیوں خاموش ہو رابی پیرزادہ کا ملالہ سے سوال

کیا دنیا میں کوئی انسان ہے جو ان اسرائیلی درندوں کو روکے؟، رابی پیرزادہ

فوٹو: ویب ڈیسک

پاکستان کی سابقہ گلوکارہ اور سماجی کارکن رابی پیرزادہ نے غزہ میں ہونے والی اسرائیلی بمباری پر خاموش رہنے والی ملالہ یوسف زئی سے سوال کرلیا۔

رابی پیرزادہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اسرائیلی فوج کی درندگی کی ایک ہولناک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اسرائیلی فوجی ایک معصوم فلسطینی شہری پر بلڈوزر چلا کر اُسے کُچل رہے ہیں۔

یہ دل دہلا دینے والی ویڈیو اپنے ایکس اکاوْنٹ پر شیئر کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے سوال کیا کہ "کیا دنیا میں کوئی انسان ہے جو ان اسرائیلی درندوں کو روکے؟"



رابی پیرزادہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مخاطب ہوکر پوچھا کہ "یہ سب کیا ہے، آخر ہم یہ انتہا کا ظلم اور سفاکیت کیسے ہونے دے رہے ہیں"۔


مزید پڑھیں: ' اسرائیل کو نسل پرست ریاست بولو': فاطمہ بھٹو، ملالہ پر برس پڑیں

اُنہوں نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے آفیشل ایکس اکاوْنٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے پوچھا کہ "آپ اسرائیل کے خلاف سنجیدہ احتجاج کیوں نہیں کر رہی؟ کیوں خاموش ہیں؟ آخر اس بےحس دنیا کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟"


واضح رہے کہ غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جن میں 4 ہزار 324 بچے اور 2 ہزار 823 خواتین شامل ہیں جبکہ حماس کی کارروائیوں میں مارے گئے اسرائیلیوں کی تعداد تقریباً 1,600 ہوگئی۔

مزید پڑھیں: 'اسرائیل فلسطین' پوسٹ تنازع، عائزہ خان نے معافی مانگ لی

یاد رہے کہ غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں تاریخی اہمیت اور قومی ورثے کی حیثیت کی حامل 4 مساجد سمیت اب تک 59 مساجد شہید ہوچکی ہیں جبکہ سوا سو سے زائد مساجد کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

Load Next Story