جنوبی افریقا کا غزہ میں جنگی جرائم پر اسرائیلی وزیراعظم کو گرفتار کرنے کا مطالبہ

بین الااقوامی فوجداری عدالت نیتن یاہو اور ان کی کابینہ کے کچھ ارکان کے وارنٹِ گرفتاری جاری کریں، جنوبی افریقا

اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، جنوبی افریقا (فوٹو: فائل)

جنوبی افریقا نے بین الااقوامی فوجداری عدالت سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نالیدی پاندور نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں انسانیت سوز مظالم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ خواتین اور بچوں کو بھی وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنا رہا ہے۔

جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل بین الااقوامی فوجداری عدالت کے دائرہ اختیار میں آنے والی 4 میں سے 3 خلاف ورزیوں یعنی جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور قتل عام کا مرتکب ہوا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : غزہ پر ایک ماہ سے جاری اسرائیلی حملوں میں 59 مساجد بھی شہید


نالیدی پاندور نے مطالبہ کیا کہ آئی سی سی کے پراسیکیوٹر اسرائیل کے خلاف غزہ میں جنگی جرائم کی تحقیقات کی رفتار کو بڑھائے اور اسرائیلی وزیرعظم نیتن یاہو کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرے۔

جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ غزہ میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ان کی کابینہ کے کچھ ارکان سمیت فی الفور گرفتار کرنا چاہیے۔

جنوبی افریقا نے اسرائیل کے غزہ پر مسلسل بمباری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تل ابیب سے اپنے سفیر بھی واپس بلالیے تھے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار کے قریب پہنچ گئی جن میں 4 ہزار 324 بچے اور 2 ہزار 823 خواتین شامل ہیں جب کہ حماس کی کارروائیوں میں مارے گئے اسرائیلیوں کی تعداد تقریباً 1,600 ہوگئی۔

 
Load Next Story