علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

13تا19 نومبر 2023

13تا19 نومبر 2023

برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل
اس ہفتے ذہنی الجھاؤ کی کیفیت سے نکل جائیں گے۔ بیرون ملک سفر کے لیے حائل رکاوٹیں دور ہونے لگیں گی اور آپ بہتر فیصلہ کرنے کی توانائی محسوس کریں گے۔ زہرہ و کیتو کا ساتویں میں قران آپ کے ازدواجی امور کے لیے کچھ خرابی کی نشان دہی کررہا ہے۔ اولاد اور محبوب کے لیے کچھ فکرمندی ہوسکتی ہے۔ بچوں کی صحت کا خصوصی خیال رکھیں۔ ابتدائے ہفتہ آپ کو کچھ پریشانی دے سکتا ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
آپ کی توجہ بگڑے کاموں کو سنوارنے میں رہے گی۔ کچھ ان دیکھی رکاوٹیں آسکتی ہیں جن کی بظاہر کوئی وجہ نہ ہوگی۔ ہوسکتا ہے آپ کا کام میں دل نہ لگے اور چھوڑنے کا سوچیں۔ شراکت داری اور ازدواجی ساتھی کے ساتھ کسی امر پر اختلاف رائے شدت اختیار کرسکتا ہے۔ پرانے دوست جو کام نہیں آپا رہے تھے اب آئیں گے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
نیا چاند آپ کی ملازمت اور کاروبار کے مقام پر طلوع ہونے جارہا ہے۔ آپ ایک نئی توانائی کے ساتھ متحرک ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ یہاں کوشش کیجیے کہ توانائی اور جذبات میں توازن نہ بگڑ جائے۔ آپ میدانِ عمل میں پہلے سے بہتر انداز میں اترتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ آپ کے باس کا رویہ جو اس سے پہلے نامناسب تھا اب بہتر نظر آئے گا۔

برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
نیا چاند پانچویں گھر (اولاد، محبوب، فنون لطیفہ اور تخلیقی صلاحیت) میں مریخ کے ساتھ طلوع ہورہا ہے۔ آپ کی توجہ مذکورہ امور کی جانب رہے گی۔ کوشش کریں کہ جارحانہ ہوکر کوئی جذباتی قدم نہ اٹھ جائے۔ کام کا بوجھ بڑھ سکتا ہے لیکن آپ کی تمام توجہ اپنے ذاتی امور کی طرف ہے۔ تعلق کا نمائندہ مقدر کے خانے میں ہے جہاں چھے ماہ مسلسل خراب رہ کے اب درست ہونے جارہا ہے۔ گویا شادی کا خانہ اچھا ہورہا ہے۔

برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
نیا چاند عقرب میں طلوع ہوچکا ہے جہاں مریخ بھی ساتھ ہے اور یہ آپ کا منصوبہ بندی ارادوں اور خفیہ کاموں کا بھی ہے۔ بیرون ملک سفر یا موجود رہائش میں کچھ مسائل آپ کو کہیں اور ہجرت پر مجبور کرسکتے ہیں۔ بچوں کی وجہ بھی ہوسکتی ہے۔ ممکن ہے ان کی اعلٰی تعلیم کے سلسلے میں بہتر جگہ کا ارادہ ہوجائے۔ یہ ایک جذبات سے بھرپور ابتدا ہوسکتی ہے جو آپ کو کر گزرنے پر اکسا سکتی ہے۔ کسی کے ہم سفر بھی ہوں اور ناآشنا بھی ہوں والی کیفیت ہوسکتی ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا بیرون سفر یا سوشل میڈیا سے منسلک کوئی کام شروع ہوسکتا ہے۔ عطارد چوتھے گھر میں آچکا ہے جو آپ کو اپنی رہائش گاہ میں سکون وراحت دلاسکتا ہے۔ آپ بین الاقوامی ارادوں کے ساتھ کام کی منصوبہ بندی کرتے نظر آتے ہیں۔ آپ کے تعلقات کے خانے میں موجود زحل جو ایک عرصے سے دوریاں بنائے ہوئے تھا دور ہوتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ من پسند رشتہ بھی طے پاسکتا ہے۔ مشتری نویں میں ہے یہ رشتہ بیرون ملک سے بھی ہوسکتا ہے۔


برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کے خانۂ مال میں نیا چاند طلوع ہوچکا ہے جہاں مریخ بھی موجود ہے۔ یہ وقت آپ کی جیب میں ایک اچھا اضافہ کرسکتا ہے۔ مالی فائدہ ہونے کی امید کامل ہے۔ طالع میں زہرہ و کیتو روحانیت کی جانب توجہ مبذول ہوسکتی ہے اور آپ اپنے اندر سکون کی خواہش محسوس کریں گے۔ آپ کے تعلقات وسیع ہورہے ہیں جن کی وجہ سے ممکن ہے آپ کچھ اکتاہٹ اور بیزاری کا شکار ہوں اور تنہائی کی خواہش پیدا ہو۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
آپ کے تعلق کے خانے میں مشتری یورنیس کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے نیا چاند ابھر رہا ہے۔ یہ وقت ممکن ہے کسی پرانے رشتے سے اچانک دوریاں کرادے اور نیا تعلق مضبوط کردے۔ آپ کے اعتماد کا گراف خاصا خاصا بلند ہے اور آپ اپنے عزت و وقار کا خیال رکھے ہوئے ہیں۔ ایسے میں جذبات اور جارحانہ پن آپ کے رویے میں آسکتا ہے، کوشش کریں کہ کہیں معاملات توازن نہ کھودیں۔

برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
آپ کے بارھویں خانے میں نیا چاند ابھر چکا ہے جو کہ بیرون ملک کا مقام ہے۔ اگر آپ بیرون ملک کے لیے اس وقت کوشش کررہے ہیں تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ آپ کو کام یابی مل جائے گی۔ آپ کی نیند متاثر ہوسکتی ہے۔ آپ کی امید کا خانہ خاصا طاقت میں ہے لیکن یہاں کسی ساتھی کے آپ سے جدا ہونے کا بھی امکان موجود ہے۔ مکان، زمین یا پلاٹ کے سلسلے میں رکا ہوا معاملہ اب حل ہونے کی سمت چل پڑے گا۔

برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
اس ماہ کا نیا چاند آپ کے گیارھویں خانے میں طلوع ہورہا ہے جوکہ آپ کی پرانی امیدیں پوری ہونے خبر دیتا ہے۔ کوئی پرانا دوست آپ کے پھر سے رابطے میں آسکتا ہے۔ آپ کے بیرون ملک سے متعلق کوئی کام رکا ہوا تھا تو ہوسکتا ہے۔ اسٹاک ایکسچینج سے فائدہ ہوسکتا ہے۔ والدہ کی صحت کا خیال رکھیں۔ مکان یا پلاٹ کی وجہ سے کوئی نئی الجھن سر اٹھاسکتی ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
یہ نیا چاند آپ کے کیریئر کو چمکانے کے لیے ابھر رہا ہے۔ آپ کی الجھنیں سلجھتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ ممکن ہے آپ کو نئی ذمہ داریاں سونپی جائیں۔ بڑا بھائی، والدہ اور آپ کی صحت متاثر رہ سکتی ہے۔ کھانے پینے کی وجہ سے معدہ متاثر ہوسکتا ہے۔ زحل آپ کے دوسرے خانے میں ہے۔ گلے کا مسئلہ بھی ہوسکتا ہے۔ سانس کا مسئلہ بھی ہوسکتا ہے۔ اولاد اور ماتحت کام کرنے والوں سے فائدہ ہوسکتا ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
آپ کے سفر، ایمان، مذہب اور اعلٰی تعلیم کے خانہ میں نیا چاند طلوع ہوچکا ہے۔ مذکورہ امور میں تحریک پیدا ہوسکتی ہے۔ سفر ہوسکتا ہے۔ اعلٰی ادارے میں تعلیمی سلسلہ آگے بڑھ سکتا ہے۔ بزرگوں کا دستِ شفقت مسیر ہوسکتا ہے۔ آپ جس طرح کی سوچوں میں پہلے الجھے ہوئے تھے ان سے اب نکل رہے ہیں۔ ممکن ہے اپنے کیریئر کے حوالے سے کہیں سفر کرنا پڑے۔
Load Next Story