خیبرپختونخوا کی 9 رکنی نگران کابینہ کو حلف اٹھانے کے بعد قلمدان سونپ دیے گئے

نگراں وزرا کو قلمدان سونپ دیے گئے، نوٹی فکیشن جاری ، محکمہ داخلہ اور قانون کے قلمدان وزیراعلیٰ کے پاس ہی رہیں گے

(فوٹو : ویڈیو اسکرین شاٹ)

خیبرپختونخوا کابینہ کے نئے نگران وزیراعلیٰ کے بعد صوبے کی 9 رکنی نگران کابینہ نے بھی حلف اٹھالیا، گورنر حاجی غلام علی نے وزرا سے حلف لیا اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا، جبکہ نگراں کابینہ اراکین کو وزارتوں کے قلمدان دے دیے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوئی جس میں نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ بھی موجود تھے۔

بحیثیت نگران صوبائی وزیر حلف اٹھانے والوں میں سید مسعود شاہ، جسٹس(ر) ارشاد قیصر، احمد رسول بنگش، آصف رفیق، ڈاکٹر نجیب اللہ، ڈاکٹر محمد قاسم جان، انجینئر عامر ندیم درانی، انجینئر احمد جان اور سید عامر عبداللہ شامل ہیں جبکہ سابق وزیر اطلاعات فیروز جمال شاہ نے حلف نہیں اٹھایا جو بعد میں حلف اٹھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : جسٹس (ر) ارشد حسین نے نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

تقریب میں چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان گنڈا پور، انتظامی محکموں کے سربراہان سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔


کابینہ ارکان کے حلف اٹھانے کے بعد صوبے میں پیدا ہونے والا آئینی بحران مکمل طور پر ختم ہوگیا۔

نگراں کابینہ میں شامل وزرا کو قلمدان تفویض

خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ میں شامل وزرا کو مختلف محکموں کے قلمدان حوالے کردیئے گئے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ اور قانون کے قلمدان وزیراعلیٰ کے پاس ہی رہیں گے۔

محکمہ ای اینڈ اے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سید مسعود شاہ کو اسٹیبلشمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن وبین الصوبائی امور، جسٹس(ر) ارشاد قیصر کو جیل خانہ جات، ریلیف وبحالی اور زکوٰة وعشر وسماجی بہبود، احمد رسول بنگش کو خزانہ، ریونیو اورایکسائز اینڈٹیکیسشن ،آصف رفیق کوموسمیاتی تبدیلی، جنگلات، لائیو اسٹاک ،زراعت اور خوراک جبکہ ڈاکٹر نجیب اللہ کو سائنس اینڈٹیکنالوجی وانفارمیشن ٹیکنالوجی و کھیل وامور نوجوانان کا محکمہ دیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ڈاکٹر قاسم جان کو ابتدائی و ثانوی اور اعلیٰ تعلیم ، سید عامر عبداللہ کو امور ضم اضلاع ،صنعت وکامرس ، انجنیئر عامر ندیم درانی کو پبلک ہیلتھ اینڈ انجنیئرنگ اور بلدیات جبکہ انجنیئر احمد جان کو سی اینڈڈبلیو اور ایریگیشن کے محکموں کے قلمدان حوالے کیے گئے ہیں۔
Load Next Story