پی سی بی نے سری لنکن ٹیم کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی

سری لنکن ٹیم کو لاہور میں 2 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کی دعوت دی گئی ہے

ٹیم پاکستان بھیجنے کا فیصلہ بورڈ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ترجمان سری لنکن کرکٹ بورڈ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی جس کی سری لنکن بورڈ نے بھی تصدیق کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو خط کے ذریعے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی دعوت دی ہے جس کی ترجمان سری لنکن کرکٹ بورڈ نے تصدیق کردی ہے۔ پی سی بی نے سری لنکن بورڈ کو سری لنکا کے صدر راجہ پاکسے کی خواہش پر خط لکھا جس میں سری لنکن ٹیم کو لاہور میں 2 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کی دعوت دی گئی ہے ۔


ترجمان سری لنکن بورڈ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پی سی بی کی جانب سے بھیجا گیا دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے جس پر غور کررہے ہیں جبکہ ٹیم پاکستان بھیجنے کا فیصلہ بورڈ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 3 مارچ 2009 کی صبح لبرٹی چوک پر گھات لگائے بیٹھے نامعلوم مسلح افراد نے سری لنکن ٹیم کی بس پر قذافی اسٹیڈیم لاہور جاتے ہوئے حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں ٹیم کے 6 ارکان زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد سے پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔
Load Next Story