امریکی سفیر کی نواز شریف سے ملاقات اندرونی معاملات میں سنگین مداخلت ہے پی ٹی آئی

الیکشن کمیشن اس کا فوری نوٹس لے اور دفترِ خارجہ امریکی سفارت خانے سے وضاحت طلب کرے، ترجمان تحریک انصاف

فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف نے امریکی سفیر کی نواز شریف سے ملاقات کے اعلامیے کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں سنگین مداخلت قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور امریکی سفیر ڈونلڈ لو کی ملاقات کے اعلامیے کے مندرجات اس سازش کا تسلسل ہیں جس کے تحت عمران خان کی حکومت کا خاتمہ کیا گیا، اس ملاقات کے اعلامیے کے بعد سازش پوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکی ہے۔

یہ پڑھیں : امریکی سفیر کی یوسف گیلانی سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف سیاست دانوں سے ملاقاتیں


ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے اپنے اقتدار کیلئے ہر داخلی و خارجی بیوپاری سے پاکستان کے مفادات کی سودے بازی کی، نوازشریف جب بھی وزارتِ عظمیٰ تک پہنچا قومی مفاد کو ملکی و غیرملکی طاقتوں کے ہاں گِروی رکھ کر پہنچا، الیکشن کمیشن آف پاکستان مذکورہ اعلامیے کے مندرجات کا فوری نوٹس لے اور دفترِ خارجہ کے ذریعے امریکی سفارت خانے اور امریکی انتظامیہ سے معاملے کی وضاحت طلب کرے۔

یہ پڑھیں : امریکی سفیر کی نواز شریف سے ملاقات، الیکشن پر گفتگو

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق ملکی سلامتی، آئین، جمہوریت اور انتخابات کی شفافیت کے خلاف کوئی خفیہ سازش یا اعلانیہ اقدام قوم ہرگز قبول نہیں کرے گی اور اس کے ملکی اہم آہنگی، داخلی سلامتی اور قومی یکجہتی پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ تحریک اںصاف آئین کی بالادستی، جمہوریت کے دفاع، انتخابات کی شفافیت اور قوم کی حقیقی آزادی کے ایجنڈے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی۔

 
Load Next Story