بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ شہری بے حال

بلدیہ، اورنگی، نارتھ کراچی، کورنگی، لیاقت آباد سمیت دیگرعلاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کادورانیہ 12 گھنٹے کردیا گیا

بجلی کی لوڈشیڈنگ کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ ساڑھے 7 گھنٹے ہے،کے الیکٹرک،روزانہ درمیانی رات کے بعدبھی 3 سے 4 گھنٹے کیلیے فراہمی معطل کی جاتی ہے، شہری۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
کے الیکٹرک نے غیراعلانیہ طور پر شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے پر محیط کردیا ہے جبکہ غریب اور متوسط طبقے کے علاقوں میں درمیانی رات تین سے چار گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے دن بھر کی طویل لوڈشیڈنگ نے انھیں بے حال کردیا ہے جبکہ رات میں بھی لوڈشیڈنگ کے باعث وہ رات بھر جاگنے پر بھی مجبور ہیں، ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ کیبل فالٹس فنی خرابی اور فیڈر ٹریپنگ کی وجہ سے کئی کئی گھنٹے بجلی کی فراہمی میں تعطل ایک معمول بن چکا ہے، تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ غیر اعلانیہ طور پر بڑھایا جارہا ہے۔


شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ناظم آباد، پاپوش نگر، نارتھ کراچی، کورنگی، شریف آباد، لیاقت آباد، ایف سی ایریا، محمود آباد، منظور کالونی ، اعظم بستی، گڈاپ، کیماڑی، بلدیہ ٹائون، اورنگی ٹائون اور شہر کے دیگر علاقوں میں چوبیس گھنٹے میں تین مرتبہ تین سے چار گھنٹے کیلیے تین مرتبہ بجلی کی فراہمی معطل کی جارہی ہے جبکہ کے الیکٹرک(سابقہ کے ای ایس سی) کی جانب سے مسلسل یہ دعوی کیا جارہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ ساڑھے 7 گھنٹے ہے، اس کے علاوہ غریب اور متوسط طبقے کے علاقوں میں شہریوں کیلیے رات کا آرام بھی برباد کردیا گیا ہے۔

شہریوں نے بتایا کہ روزانہ درمیانی رات کے بعد تین سے چار گھنٹے کیلیے بجلی کی فراہمی معطل کی جاتی ہے جس کے نتیجے میں وہ رات بھر جاگنے پر مجبور کردیے گئے ہیں، انھوں نے بتایا کہ دن کے اوقات میں محنت مزدوری کرنے والا شخص رات پر بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے جاگنے پر مجبور کردیاگیا ہے اور نتیجے میں دن کے اوقات میں اس کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوتی ہے اور وہ ذہنی اور جسمانی عارضوں میں مبتلا ہورہا ہے تاہم کے الیکٹرک کی انتظامیہ شہریوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت کرنے پر آمادہ نظرنہیں آرہی ہے، ذرائع نے بتایا کہ گرمی کے موسم کے ساتھ ہی بجلی کے بوسیدہ نظام کے پول بھی پوری طرح کھل گئے ہیں اور کیبل فالٹس فنی خرابی اور فیڈر ٹریپنگ کی وجہ سے کئی کئی گھنٹے بجلی کی فراہمی میں تعطل ایک معمول بن چکا ہے۔
Load Next Story