کراچی میں تاجر کے گھر ڈکیتی کیس کی انکوائری مکمل ڈی ایس پی گرفتار

ایس ایس پی ساؤتھ اور ڈی ایس پی عہدوں سے معطل، مقدمہ درج، ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے

(فوٹو : فائل)

شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر ڈکیتی کی واردات کی تحقیقات مکمل کرلی گئیں، انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈکیتی میں پولیس افسران و اہلکار ملوث نکلے ہیں، آئی جی کے حکم پر ڈی ایس پی کو گرفتار جبکہ ایس ایس پی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

ڈی آئی جی ویسٹ نے انکوائری رپورٹ آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کو جمع کرادی۔ جس میں ایس ایس پی ساؤتھ عمران قریشی اور ڈی ایس پی یو ٹی عمیر باجاری کی غفلت اور لاپرواہی کا ذکر کیا گیا جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لانے کی سفارش کی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شپ ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی جانب سے اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر میں واقع ایک مکان پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی جس میں پولیس پارٹی نے گھر میں ڈکیتی کرتے ہوئے 2 کروڑ روپے اور 60 سے 70 تولے سونا لوٹا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ڈکیتی میں پولیس موبائل اور پرائیویٹ گاڑیوں نے گلی کا گھیراؤ کیا اور پولیس افسران و اہلکاروں نے گھر کی تلاشی لی پھر وہ ڈکیتی کی واردات کرکے فرار ہوگئے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائم خانی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی۔ جس پر ڈی آئی جی ویسٹ نے 24 گھنٹے میں انکوائری رپورٹ تیار کرکے آئی جی سندھ کو ارسال کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کو موصول ہونے والی 11 صفحات کی انکوائری رپورٹ میں ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کا غیر قانونی چھاپہ ''ڈکیتی'' قرار دے دیا گیا، 2 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں انکوائری افسر ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائم خانی نے ایس ایس پی ساؤتھ عمران قریشی، ڈی ایس پی یوٹی عمیر باجاری ، شاہین فورس کے اہلکار اور 5 پرائیویٹ افراد کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق اورنگی ٹاؤن ڈکیتی میں پولیس افسران و اہلکار ملوث ہیں، ڈکیتی میں ایس ایس پی ساؤتھ اور ڈی ایس پی کو قصوروار قرار دے دیا گیا، رپورٹ میں ایس ایس پی ساؤتھ ، ڈی ایس پی عمیر باجاری کے بیان قلم بند کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں غیر قانونی چھاپے میں ملوث پولیس اہلکاروں کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر میں پرائیویٹ لوگ داخل ہوئے جنہوں نے گھر کی تلاشی لی تو اس دوران گھر سے کوئی غیر قانونی چیز برآمد نہیں ہوئی۔


ایس ایس پی ساؤتھ نے ایس ایس پی ویسٹ کو رقم اور دیگر سامان واپس کرنے کا کہا، ڈکیتی میں ملوث پولیس پارٹی و دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کردی گئی۔

مزید پڑھیں: کراچی؛ کروڑوں کی ڈکیتی میں ڈی ایس پی کا نام سامنے آگیا

انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گھر میں ملنے والی رقم کالے رنگ کے بیگ میں موجود تھی اور یہ رقم ڈی ایس پی یو ٹی عمیر باجاری کے پاس موجود تھی جسے ایس ایس پی ساؤتھ نے ایک روز بعد ایس ایچ او ڈیفنس کے حوالے کیا اور ایس ایس پی ساؤتھ کی جانب سے حکم دیا گیا کہ یہ رقم ایس ایچ او پیر آباد کے حوالے کردی جائے۔

کیس کے انکوائری افسر عاصم قائم خانی نے انکوائری رپورٹ میں ایس ایچ او ڈیفنس شوکت اعوان اور ایس ایچ او پیر آباد عمران خان کا بیان بھی ریکارڈ کیا ہے۔

ایس ایچ او ڈیفینس کا کہنا ہے کہ یہ رقم 1 کروڑ 5 لاکھ روپے تھی جو مجھے فراہم کی گئی اور حکم دیا گیا یہ رقم ویسٹ پولیس کے حوالے کی جائے۔ ڈی آئی جی عاصم قائم خانی نے انکوائری رپورٹ میں ڈی ایس پی عمیر باجاری کے خلاف ڈیپارٹمنٹل اور لیگل ایکشن لینے کی سفارش کی اور کہا ہے کہ اس طرح کے سنگین جرائم میں پرائیویٹ لوگوں کا بھی استعمال کیا گیا۔

انہوں نے انکوائری رپورٹ میں لکھا کہ چھاپے میں موجود پرائیویٹ لوگوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، چھاپے میں ڈی ایس پی کا اسٹاف پولیس اہلکار خرم علی اور فیضان علی کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ ایس ایس پی ساؤتھ نے تربیت یافتہ ٹیم کو اس چھاپے میں نہ بھیج کر غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا ہے۔

آئی جی سندھ کے حکم پر ڈکیتی میں ملوث ڈی ایس پی عمیر باجاری کو حراست میں لے لیا گیاجبکہ ایس ایس پی سائوتھ عمران قریشی اور ڈی ایس پی یو ٹی عمیر باجاری کو عہدوں سے بھی ہٹا دیا گیا۔

آئی جی سندھ نے اورنگی ٹاؤن میں 2 کروڑ کی ڈکیتی میں ملوث پولیس پارٹی کے خلاف مقدمہ دردج کرنے کا حکم دے دیا اور ڈسٹرکٹ سائوتھ پولیس کے غیر قانونی چھاپے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
Load Next Story