جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد حماس نے 24 اور اسرائیل نے 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے معاہدے کے تحت حماس نے یرغمالیوں کے پہلے گروپ کو رہا کردیا، جس میں 24 یرغمالی شامل تھے۔
قطر کے وزارت خارجہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے عرب میڈیا نے بتایا کہ ریڈ کراس کو حماس کی جانب سے رہا کیے گئے 24 یرغمالی موصول ہوئے تھے، جن میں 13 اسرائیلی، 10 تھائی لینڈ اور ایک فلپائن کا شہری ہے۔
اسرائیلی جیلوں سے فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی
دوسری جانب اسرائیل نے بھی معاہدے کے تحت خواتین اور بچوں پر مشتمل قیدیوں کو رہا کردیا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں قید 39 خواتین قیدیوں بشمول نابالغ بچوں کو رہا کیا گیا ہے۔
تھائی لینڈ حکومت نے بھی حماس کے پاس غزہ میں موجود اپنے شہریوں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ہم طنوں کی راہ تک رہے ہیں اور ان کی اہل خانہ ایک ایک پل گن رہے ہیں۔
'7 اکتوبر کے بعد اسرائیلی فورسز نے بہت زیادہ مظالم کیے'
اسرائیلی قید سے آزاد ہونے والی فلسطینوں میں 8 سال تک قید رہنے والی فلسطینی خاتون بھی ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر قیدیوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ '7 اکتوبر کے بعد جیلوں میں اسرائیلی فوج نے بہت زیادہ مظالم کیے'۔
رہائی پانے والوں میں ایک فلسطینی خاتون نیہا کیدھر بھی ہیں جنہوں نے بتایا کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہوچکی ہیں مگر انہیں گھر واپس آنے کی بہت زیادہ خوشی ہے۔