عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ رضوان اور شاداب کا ردعمل آگیا

دونوں کرکٹرز کا آل راؤنڈر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

دونوں کرکٹرز کا آل راؤنڈر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار (فوٹو: ایکسپریس ویب)

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور لیگ اسپنر شاداب خان کا ردعمل آگیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے محمد رضوان نے عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر حیریت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستان کیلئے بین الاقوامی کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے آپ کے پاس ابھی کئی سال باقی ہیں، زندگی کے ہر پہلو میں آپکے کیلئے نیک خواہشات ہیں! کامیاب رہیں۔

لیگ اسپنر شاداب خان نے عماد وسیم کو شاندار کیرئیر پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ کھیل کر خوشی ہوئی، کیرئیر کی نئی اننگز میں آپکے لیے نیک خواہشات ہیں۔

مزید پڑھیں: عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ؛ فینز نے لیگز اور بورڈ کو ذمہ دار ٹھہرادیا

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آل راؤنڈر عماد وسیم نے سوشل میڈیا کے ذریعے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے پاکستان کرکٹ بورڈ، کھلاڑیوں اور مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کے اچانک سوشل میڈیا پر تمام فارم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑگئی ہے، مداحوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے نوجوان کھلاڑیوں کا اسطرح جانا بورڈ کی ناکامی ہے۔


مزید پڑھیں: عماد وسیم ریٹائرمنٹ واپس لیں، راشد لطیف کا مشورہ

سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ عماد وسیم کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لینا چاہیے، وہ پاکستان کے سب سے اچھے اسپنر ہیں، ان کی بیٹنگ سے بھی قومی ٹیم کو بہت مدد مل سکتی ہے۔ آئندہ سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ورلڈکپ کا ذکر کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے کہا کہ ''اگر ٹیم کا سب سے کارآمد کھلاڑی نہیں ہوگا تو اس میں عماد وسیم کا نہیں ملک کا نقصان ہے''۔
Load Next Story