عزیز آباد اور کورنگی روڈ پر طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف مکینوں کا احتجاج

پانی کی قلت ،مہنگائی اوربدامنی کاعذاب بھی جھیل رہے ہیں،منتخب نمائندےمسائل کے حل کیلیے عملی اقدام کریں،شہریوں کا مطالبہ

بجلی اور پانی کی بندش پر اختر کالونی کے مشتعل مکین کورنگی روڈ بندکرکے احتجاج کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

عزیز آباد ،مکا چورنگی اورکورنگی روڈ پر مشتعل مکینوں نے بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ اورپانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا۔


تفصیلات کے مطابق عزیز آباد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ طویل لوڈ شیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی سے تنگ مکین مشتعل ہوگئے اور انھوں نے مکا چورنگی کے قریب سڑک دھرنا دے کر ٹریفک کے لیے بند کر دی ، مظاہرین نے کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے لگائے ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ فیڈرل بی ایریا بلاک بلاک ون سے بلاک 3 کے درمیان کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ ان علاقوں میں پانی فراہم بھی فراہم نہیں کیا جا رہا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو ہزاروں روپے کے اضافی بل ادا کرنے کے باوجود 3 ، 3 گھنٹے کی دن میں 3 بار لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے ، ادھر اختر کالونی اور کشمیر کالونی کے مکینوں نے طویل لوڈ شیڈنگ اورگزشتہ کئی روز سے علاقے میں پانی کی عدم فراہمی پر مشتعل ہو کر کورنگی روڈ بلاک کر کے ٹریفک کے لیے بند کر دیا ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت ،مہنگائی اور بدامنی کا بھی عذاب بھی جھیل رہے ہیں ،جگہ جگہ احتجاج کریں گے،پانی کی قلت ہے تو ٹینکر والوںکے پاس پانی کہاں سے آرہا ہے ، ٹینکر مافیا 5 ہزار روپے فی ٹینکر فروخت کر رہے ہیں،منتخب نمائندے مسائل کے حل کیلیے عملی اقدام کریں۔
Load Next Story