عبدالقدوس بزنجو کا ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ

فیملی مصروفیات کے باعث یوم تاسیس کے پروگرام میں شرکت نہیں کرسکتا، جلد ساتھیوں سمیت باضابطہ شمولیت کا اعلان کروں گا

فوٹو فائل

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو نے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری سے ملاقات کے بعد ساتھیوں سمیت پارٹی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کروں گا۔

انہوں نے بتایا کہ فیملی مصرفیات کے باعث جمعرات کو یوم تاسیس کے پروگرام میں شرکت نہیں کرسکتا مگر جلد ہی ساتھیوں سمیت آصف زرداری اور بلاول بھٹوزرداری سے ملاقات کریں گے۔


اُدھر پاکستان پیپلزپارٹی کے 56ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے پیپلزپارٹی نے کوئٹہ میں پنڈال سجا لیا ہے، اس حوالے سے کوئٹہ شہر کو پارٹی پرچموں سے سجادیا گیا جبکہ شہر بھر میں جگہ جگہ استقبالی بینرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری جلسے میں شرکت اور خطاب کرنے کیلیے کوئٹہ پہنچ گئے جہاں اُن کا استقبال صوبائی پارٹی رہنماؤں نے کیا۔

آصف زرداری ،بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ نیئر بخاری، سلیم مانڈوی والا، شرجیل میمن و دیگر موجود تھے۔ ترجمان پی پی کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری آج ایوب اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پی پی پی بلوچستان کی مختلف تنظیموں کے عہدیداران کے وفود سے ملاقات کریں گے۔
Load Next Story