کراچی میں 3 تشدد زدہ لاشیں برآمد پرتشدد واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی

سرجانی سے 3لاشیں ملیں اور گھگر پھاٹک میں ایک شخص قتل کردیاگیااس کے علاوہ بلدیہ میں پولیس مقابلے میں 3 ملزم ہلاک ہوئے

ہلاک ہونے والے کسی بھی شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔ فوٹو: فال

KARACHI:
حکومتی اعلانات اور پولیس و رینجرز کے دعوؤں کے باوجود شہر قائد میں آگ اور خون کا کھیل جاری ہے آج بھی مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات کے دوران 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ناردرن بائی پاس کے قریب 3 لاشیں ملیں۔ جنہیں تشدد کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔ لاشوں کو قریبی سرکاری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم اب تک ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔ اس کے علاوہ گھگر پھاٹک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ ناظم آباد گول مارکیٹ اور کورنگی ڈھائی نمبر میں بھی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب اتحاد ٹاوٴن میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 ملزمان ہلاک جبکہ 3 فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پولیس موبائل پر فائرنگ کرکے فرار ہورہے تھے، جوابی کارروائی میں 3 ملزمان مارے گئے جبکہ ان کے 3 ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس نے ہلاک ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے بتایا ہے جبکہ ان کے قبضے سے 2 دستی بم، 3 پستول اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
Load Next Story