غزہ پر عرب لیگ اجلاس نشستن برخواستن ہے نگراں وزیر مذہبی امور

اگر او آئی سی کے اجلاس سے نتیجہ نہیں نکلتا تو یہ بڑوں کی ناکامی ہے، حرمت اقصیٰ کانفرنس سے خطاب

(فوٹو: فائل)

نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ غزہ پر عرب لیگ کا اجلاس نشستن برخواستن ہے۔

مجلس اتحاد امت پاکستان کے زیراہتمام وفاقی دارالحکومت کے جناح کنونشن سینٹر میں حرمت اقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ او آئی سی اجلاس سے نتیجہ نہیں نکلتا تو یہ بڑوں کی ناکامی ہے۔


انہوں نے کہا کہ قرآن کریم ہماری جگہ جگہ رہنمائی کرتا ہے ۔ یہ ناداں گر گئے سجدے میں جب وقتِ قیام آیا ۔ عرب لیگ کا اجلاس نشستن برخواستن ہے ۔ بہت سارے کام حکمرانوں کے بس میں نہیں ہوتے ۔ پاکستان، ترکی، مصر، قطر، سعودی عرب اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہم ڈیڑھ ارب مسلمان خرافات میں کھو گئے ہیں۔

اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ کیا عرب دنیا غزہ کا مسئلہ حل کرنے میں سنجیدہ ہے؟ 57مسلم ممالک میں کتنے ملک ہیں، جنہوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہوا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں سے زیادہ احتجاج امریکا اور برطانیہ میں انسانیت کے نام پر ہوا ۔ آج خوشی ہوئی ہے کہ تمام علما اکٹھے ہوئے ہیں۔

نگراں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کیا یہ ضروری ہے کہ امت مسلمہ کی ٹریڈ ڈالر میں ہو ۔ مسلمان کبھی جنگ نہیں چاہتا لیکن آج جو حالات امت مسلمہ پر جاری ہیں، ہماری صلح بھی نہیں ہورہی ۔ اگر او آئی سی کے اجلاس سے نتیجہ نہیں نکلتا تو یہ بڑوں کی ناکامی ہے۔
Load Next Story