بالی ووڈ کے معروف اداکار کا کینسر کے باعث انتقال

اداکار اسٹیج 4 کینسر سے لڑ رہے تھے لیکن گزشتہ شب اُن کی حالت مزید بگڑ گئی تھی

فوٹو : انسٹاگرام

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار جونیئر محمود کینسر کے باعث 67 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، اداکار نے پانچ دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں 250 سے زائد فلموں میں کام کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دو ہفتے قبل انکشاف ہوا تھا کہ اداکار جونیئر محمود اسٹیج 4 کینسر سے لڑ رہے ہیں لیکن گزشتہ شب اُن کی حالت مزید بگڑ گئی تھی جس کے بعد وہ 8 دسمبر کی شب 2 بجے ممبئی میں اپنے گھر میں ہی انتقال کرگئے۔

جونیئر محمود کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی جبکہ اُنہیں ممبئی کے جوہو قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا، اداکار کے اہلخانہ میں اہلیہ، دو بیٹے، بہو اور ایک پوتا ہے۔




حال ہی میں معروف بھارتی کامیڈین اور اداکار جانی لیور نے بھی جونیئر محمود سے ملاقات کی تھی جس کے بعد انہوں نے اداکار جیتندر اور سچن پیلگونکر سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی، جونیئر محمود کی خواہش پر دونوں اداکاروں نے ان سے ملاقات کی تھی۔



بھارتی فلم انڈسٹری اور مداحوں کی جانب سے جونیئر محمود کے انتقال کی افسوسناک خبر پر شدید دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ جونیئر محمود "کاروان"، "ہاتھی میرے ساتھی" اور "میرا نام جوکر" جیسی فلموں میں اداکاری کے لیے مشہور تھے، انہوں نے بطور چائلڈ اداکار فلم "نونہال" سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

1967 میں ریلیز ہونے والی فلم "نونہال" کے بعد سے وہ جونیئر محمود کے نام سے مشہور ہوگئے جبکہ اُن کا اصل نام نعیم سید تھا، 250 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے علاوہ اداکار نے کئی مراٹھی فلمیں بھی پروڈیوس کیں۔

جونیئر محمود نے اپنے زمانے کے تمام بڑے اداکاروں دلیپ کمار، دیوآنند، راجندر کمار، دھرمیندر، راجیش کھنہ، جتیندر، راجکمار، بسواجیت اور دیگر کے ساتھ بھی کام کیا۔

Load Next Story