الخدمت بنوقابل پروگرام کے تحت لاہورمیں پہلےانٹری ٹیسٹ کا انعقاد ہزاروں طلبا کی شرکت

الخدمت فاؤنڈیشن ’ بنو قابل ‘ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے گی، امیر جماعت اسلامی لاہور

فوٹو: ایکسپریس

الخدمت بنوقابل پروگرام کے تحت لاہور میں پہلے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں نوجوان طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ذکراللہ مجاہد، الخدمت وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی، الخدمت لاہور کے صدر انجنیئر احمد حماد رشید، الخدمت فاؤنڈیشن کے دیگر ذمہ داران ، ملک کے نامور آئی ٹی ایکسپرٹ، اساتذہ، دانشور اور صحافیوں سمیت ہزاروں طلبا نے شرکت کی۔

اس موقع پر ضیاء الدین انصاری کا کہنا تھا کہ شہرِ لاہور کے لاکھوں نوجوان اپنے بہتر مستقبل اور نوکریوں کی تلاش میں ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن ' بنو قابل ' پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے گی۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے شہر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو آئی ٹی کی مہارت کی تربیت اور تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کریں گے تاکہ نوجوان چھ ماہ میں آئی ٹی کورسز میں مہارت حاصل کرکے باعزت طریقے سے روزگار کمانا شروع کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سائبر سیکیورٹی، گرافک اینڈ موشن ڈیزائن اور دیگر مہارتوں پر مبنی کورسز کروائے جا رہے ہیں۔


انجنئیر احمد حماد کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت طلبا میں تیزی سے پیداواری صلاحیتیں اور قابلِ قدر ملازمتیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ پروفیشنل اور افراد کو اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن شہر کے قابل نوجوانوں کو ایسا بنا دے گی کہ نہ صرف وہ اپنی فیملی کو غربت کے اندھے کنویں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے بلکہ وطنِ عزیز کے لیے زرمبادلہ کما کر قومی خدمت بھی سرانجام دیں گے۔

ذکر اللہ مجاہد نے اس موقع پر کہا کہ آج اس پروگرام میں نوجوان خواب لے کر آئے ہیں اور الخدمت فاؤنڈیشن ان خوابوں کی تعبیر کےلیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

انہوں نے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ' بنو قابل لاہور ' سے یقیناً مایوسی کا شکار نوجوان نہ صرف اپنے لیے اپنے خاندانوں کےلیے بلکہ ملک و قوم کےلیے سود مند ثابت ہوں گے۔

اس موقع پر نوجوانوں نے مفت آئی ٹی کورسز کے پروگرام کے اجرا پر الخدمت کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ' بنو قابل لاہور ' کے ذریعے اپنے لیے باعزت وسائل کا باعث بنیں گے۔
Load Next Story