کراچی بیرون ملک ملازمت کے نام پر انسانی اسمگلنگ کا ملزم گرفتار

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے متعدد شہریوں کو بیرونی ممالک بھجوانے کے نام پر پاسپورٹ وصول کیے

ملزم حمزہ سہیل بغیر لائسنس ٹریول ایجنسی چلا رہا تھا، حکام

ایف آئی اے نے بیرون ملک ملازمت کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے کراچی ایک کارروائی کے دوران بیرون ملک ملازمت کا جھانسا دے کر انسانی اسمگلنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی بہاول اوستو کے احکامات پر چھاپا مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلر کو گرفتار کیا۔


ملزم حمزہ سہیل کو کراچی کے علاقے بہادرآباد سے گرفتار کیا گیا، جو بغیر لائسنس عجوہ ٹریول کے نام سے ایجنسی چلا رہا تھا۔ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم وصول کر رہے تھے جب کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے متعدد شہریوں سے بیرونی ممالک بھجوانے کے نام پر پاسپورٹ وصول کیے۔ چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے 13 پاسپورٹس، 12 چیک بکس، لیپ ٹاپس اور دیگر دستاویزات برآمد کرلی گئیں۔

ملزم لائسنس کے حوالے سے بھی حکام کو مطمئن نہیں کر سکا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔ ملزم حمزہ سہیل کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Load Next Story