غزہ کے حالات دیکھ کر اسلام کے قریب آئی ہوں اُشنا شاہ کا انکشاف

فلسطین کی صورتحال کے بعد عُمرہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا اور اب انگریزی زبان میں قرآن پاک کا ترجمہ بھی پڑھ رہی ہوں

اُشنا شاہ اپنے کیریئر کے نقصان کی پرواہ کیے بغیر فلسطین کی آواز بنی ہیں: فوٹو : ویب ڈیسک

سوشل میڈیا پر معصوم فلسطینیوں کی آواز بننے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ غزہ کے حالات دیکھ کر اسلام کے مزید قریب ہوگئی ہیں، اب قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ بھی پڑھ رہی ہیں۔

اُشنا شاہ نے حال ہی صحافی ملیحہ رحمٰن کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر، ازدواجی زندگی، پاکستانی ڈراموں اور فلسطین سے متعلق گفتگو کی۔

کیریئر کے نقصان کی پرواہ کیے بغیر سوشل میڈیا پر فلسطین کے حق میں کُھل کر بات کرنے کے بارے میں اُشنا شاہ نے کہا کہ "مجھے معلوم تھا کہ میں جب اسرائیل کے خلاف اور فلسیطین کے حق میں بولوں گی تو سب سے پہلے ملٹی نیشنل کمپنیاں مجھے پراجیکٹس دینا بند کردیں گی اور مجھے انسٹاگرام پر شیڈو بین کردیا جائے گا"۔

اُشنا شاہ نے کہا کہ "میرا بچپن کینیڈا میں گزرا ہے اور میرا کینیڈا جاکر وہاں کام کرنے کا پلان تھا کیونکہ میرا ہمیشہ سے خواب تھا کہ میں نے باہر جاکر کام کرنا ہے لیکن اس وقت غزہ میں کشیدہ صورتحال ہے، اس کی وجہ سے میں نے کینیڈا جانے کا فیصلہ تبدیل کرلیا ہے"۔

مزید پڑھیں: "سورۃ البقرہ پڑھیں، آج جو کچھ ہورہا ہے پہلے ہی بتادیا گیا تھا"؛ اُشنا شاہ


اداکارہ نے کہا کہ "ہم اسلام سے دور ہورہے تھے لیکن غزہ کی وجہ سے میں اور دیگر ملسمان بھی اسلام کے مزید قریب آگئے ہیں جبکہ کئی غیرملسم نے بھی اسلام قبول کرلیا ہے"۔

اُنہوں نے کہا کہ "میں نے فلسطین کے حالات دیکھنے کے بعد عُمرہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا اور اب عُمرے کی ادائیگی کے بعد بھی انگریزی زبان میں قرآن پاک کا ترجمہ پڑھ رہی ہوں"۔

اُشنا شاہ نے عمرے کے دوران عبایا پہنے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے عبایا اور حجاب بہت پسند ہے، ہم یہ پہن کر اپنے دین اسلام کی نمائندگی کرتے ہیں اور میں اپنے مذہب کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کرتی ہوں"۔

مزید پڑھیں: فلسطین کے بچوں کو "کھانے کی اشیاء والے کھلونے" دینے پر اُشنا شاہ بھڑک اُٹھیں

اداکارہ نے مزید کہا کہ "مجھے عبایا اور حجاب پہن کر بہت خوشی ہوئی لیکن میں یہ دعویٰ نہیں کرسکتی کہ میں اب حجابی بن جاوْں گی کیونکہ یہ میرا اور میرے رب کے درمیان کا معاملہ ہے"۔

واضح رہے کہ اُشنا شاہ اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے صارفین میں شعور پیدا کررہی ہیں اور اسرائیل کی منافقت اور جہالت کو پوری دنیا کے سامنے بےنقاب کررہی ہیں۔
Load Next Story