وزیر اعظم کے دورہ بھارت سے تجارت و سرمایہ کاری بڑھے گی وفاقی وزیر تجارت

ملک میں کاروباری سرگرمیوں کوفروغ، روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے، خرم دستگیر

وزیر اعظم کی مدبر سفارت کاری پاکستان کے لیے خوشحالی لے کر آئے گی، وفاقی وزیر تجارت۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ وزیر اعظم کی مدبر سفارت کاری پاکستان کے لیے خوشحالی لے کر آئے گی، اس وقت پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات دو جمہوریتوں کے برابری کے تعلقات ہیں۔


دونوں ممالک میں تعلقات میں بہتری لانے کی امنگ اور حوصلہ موجود ہے، تعلقات میں بہتری کے ثمرات خطے کے غریب عوام تک جلد پہنچیں گے۔ گزشتہ روز ایک بیان میںوفاقی وزیرتجارت نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو عوام نے بھرپور مینڈیٹ دیا ہے تاکہ وہ پاکستانیوں کے لیے خوشحالی اور ترقی کے دروازے کھولیں، وزیراعظم کا حالیہ دورہ بھارت اسی مشن کی تکمیل کی ایک کڑی ہے، وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق ہمسائیہ ممالک سے تعلقات امن اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم کیے جائیں گے تاکہ خطے میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو۔

تجارت بڑھنے سے ملک میں کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی اور باعزت روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پہلی مرتبہ کسی بھارتی وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کر کے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ اگرچہ وہ پاکستان اور ہندوستان کے تلخ ماضی سے آگاہ ہیں لیکن وہ اس کے اسیر نہیں اور آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام تر مشکلات کے باوجود جمہوریت مضبوط ہے جسے بنیاد بنا کر انشاء اللہ پاکستان کو اکیسویں صدی میں مستحکم معاشی بنیادوں پر کھڑا کریں گے۔ وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کیے گئے اقدامات ملک میں خوشحالی کے انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔
Load Next Story