پاک بھارت کرکٹ روابط پر جمی برف پگھلنے لگی یو اے ای میں سیریز کا امکان

بھارت میں انتخابات کے بعد بی سی سی آئی میں بھی اکھاڑ پچھاڑ کی اطلاعات زیرگردش

بھارت میں انتخابات کے بعد بی سی سی آئی میں بھی اکھاڑ پچھاڑ کی اطلاعات زیرگردش. فوٹو فائل

وزرا اعظم کی ملاقات کے بعد پاک بھارت کرکٹ روابط پر جمی برف پگھلنے لگی، دونوں ٹیمیں آئندہ برس یو اے ای میں مدمقابل ہو سکتی ہیں، اس حوالے سے جلد کسی پیش رفت کا اعلان متوقع ہے۔


دریں اثنا بھارت میں انتخابات کے بعد کرکٹ بورڈ میں بھی اکھاڑ پچھاڑ کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، گذشتہ دور میں سائیڈ لائن ہونے والے کئی سیاستدان اب اہمیت اختیار کرچکے، ان میں ارون جیٹلی بھی شامل ہیں جنھوں نے آئی پی ایل تنازع پر نائب صدارت چھوڑ دی تھی،جیٹلی نے اب وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھالیا ہے، وہ خود کو فی الحال کرکٹ سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔

ایک اور نام امیت شاہ گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر ہیں جس کی صدارت وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس ہے، وہ اب ستمبر میں ہونے والی بی سی سی آئی کے سالانہ اجلاس عام میں ویسٹ زون سے نائب صدر بن سکتے ہیں،ان کے بیٹا جیش گجرات کرکٹ کو سنبھالے گا، سری نواسن کی چھٹی کی صورت میں مختلف امیدوار سامنے آسکتے ہیں، ان میں راجیو شکلا، انوراگ ٹھاکر اور سابق صدر شرد پوار بھی شامل ہیں۔
Load Next Story