کراچی ڈکیتی میں ملوث ڈی ایس پی عمیر طارق کی ضمانت منظور

ایس ایچ او پیر آباد وہ افسر ہے جو ڈکیتی میں شامل تھا اور وہ اس مقدمے کی انکوائری میں شامل ہے، وکیل کا عدالت میں انکشاف

(فوٹو : فائل)

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ نے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر ڈکیتی کے مقدمے میں ڈی ایس پی ملزم عمیر طارق کی ضمانت منظور کرلی۔

کراچی سٹی کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ کی عدالت نمبر 2 کے روبرو اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر ڈکیتی کے مقدمے میں ڈی ایس پی ملزم عمیر طارق کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

ملزم کے وکیل عامر منسوب ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ میرے موکل پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں، سابق ایس ایس پی ساؤتھ کہ کہنے پر سب کچھ ہوا اور اسے بے قصور قرار دے دیا گیا، ایس ایچ او پیر آباد وہ افسر ہے جو ڈکیتی میں شامل تھا اور وہ اس مقدمے کی انکوائری میں شامل ہے۔


عامر منسوب ایڈووکیٹ نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ ہم ٹرائل کا سامنا کررہے ہیں، ضمانت قبول کی جائے۔

عدالت نے موقف سننے کے بعد ملزم عمیر طارق کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

پولیس کے مطابق ڈی ایس پی پر تاجر شاکر خان کے گھر میں دو کروڑ روپے کی ڈکیتی کا الزام ہے، ملزموں نے گھر سے 70 سے 80 تولہ سونا بھی چوری کیا تھا، مقدمہ تاجر شاکر کی مدعیت میں تھانہ پیرآباد میں درج کیا گیا۔
Load Next Story