افغانوں کے جعلی شناختی کارڈز اسکروٹنی تک الیکشن التوا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

جعلی شناختی کارڈز بنوا کر ووٹر لسٹوں میں شمولیت کا انکشاف ہوا ہے، عام انتخابات پر سوالات اٹھیں گے، درخواست گزار

(فوٹو: فائل)

عدالت نے افغانوں کے جعلی شناختی کارڈز کی اسکروٹنی تک الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

افغان مہاجرین کے جعلی شناختی کارڈز کی اسکروٹنی ہونے تک عام انتخابات ملتوی کرانے کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں چیف جسٹس عامر فاروق کے روبرو درخواست گزار آفتاب عالم اپنے وکیل ملک اختر عباس کے ساتھ پیش ہوئے۔


دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کا عمل جاری ہے۔ افغان مہاجرین کی جانب سے جعلی شناختی کارڈز بنوا کر ووٹر لسٹوں میں شمولیت حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ افغان مہاجرین کے جعلی شناختی کارڈز کے باعث عام انتخابات پر سوالات اٹھیں گے۔ افغان مہاجرین کی جانب سے پاکستانی پاسپورٹ کا استعمال ملکی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے۔ عدالت افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز کی اسکروٹنی ہونے تک عام انتخابات ملتوی کرانے کا حکم دے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اب عدالت کیسے عام انتخابات ملتوی کرنے کے احکامات جاری کر سکتی ہے؟۔

بعد ازاں عدالت نے افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز کی اسکروٹنی مکمل ہونے تک انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
Load Next Story