نئی تعمیرات میں معذوروں کیلیے ریمپ لازمی بنانے کی ہدایات کردی گئی ہیں احمد شاہ

طبقاتی نظام کے سبب خصوصی افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں کیونکہ یہ زیادہ حساس ہوتے ہیں، نگراں صوبائی وزیر

(فوٹو : فائل)

سندھ کے نگراں وزیر اطلاعات، اقلیتی امور اور سماجی تحفظ محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ تمام نئی تعمیرات میں خصوصی افراد کی سہولت کے لیے ریمپ لازمی بنانے کی ہدایات واضح کردی گئی ہیں۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں خصوصی افراد کے حوالے سے سیمینار منعقد ہوا جس میں نگران وزیر اطلاعات، اقلیتی امور و سماجی تحفظ محمد احمد شاہ اور صدر مملکت جناب عارف علوی کی اہلیہ نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں محمد احمد شاہ نے کہا کہ گزشتہ سولہ برس سے خصوصی بچوں کے لیے منعقد کیے جانے والے پروگراموں میں شرکت کر رہا ہوں، تمام نئی تعمیرات میں خصوصی افراد کی سہولت کے لیے ریمپ لازمی بنانے کی ہدایات واضح کردی گئی ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ ہم اپنے ہیروز کو بھولتے جا رہے ہیں ہمیں اپنے مشاہیر کی خدمات کو یاد رکھنا ہوگا، ہماری این جی اوز کا سوچنے سمجھنے کا انداز انگریزی میڈیم جیسا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم پہلے اپنی تہذیب و ثقافت اور اقدار سے مکمل واقفیت حاصل کریں۔


انہوں نے کہا کہ سندھ میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے بہت کام کیا گیا ہے، طبقاتی نظام کے سبب خصوصی افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں کیونکہ یہ زیادہ حساس ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے معاشرے سے طبقاتی نظام کو ختم کرنا ہوگا تاکہ کمزوروں کو مضبوط کیا جاسکے اور اس مقصد کے لئے سے پہلے ہمیں اپنے سوچنے سمجھنے کے انداز کو بدلنا ہوگا۔

محمد احمد شاہ نے کہا کہ اشرافیہ گھرانوں کے خصوصی بچوں کے علاج بھی ہوجاتے ہیں وہ تعلیم بھی مکمل کر لیتے ہیں لیکن ہمارا غریب طبقہ ایسی سہولیات سے محروم ہے، ہمارے معاشرے کو اس تبدیلی کے لیے کام کرنا ہوگا۔

نگران وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ نے کہا کہ جب خدا نے انسان کی تخلیق میں تفریق نہیں کی تو ہم کون ہوتے ہیں تفریق کرنے والے؟ ہمیں تفریق، تفرقہ اور تقسیم کو ختم کرکے ایک قوم بن کر ایک دوسرے کے شانے سے شانہ ملا کر آگے بڑھنا ہوگا۔
Load Next Story