8 فروری کو عوام مہنگائی کا ظلم ڈھانے والوں کا صفایا کردیں گے شہباز شریف

انتخابی پرچی بتائے گی عوام کسے چاہتے ہیں، 8 فروری 2024 کے انتخابات کا فیصلہ عوام کریں گے، صدر ن لیگ

فوٹو اسکرین گریپ

مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو عوام چار سالوں میں مہنگائی کا ظلم ڈھانے والوں کا سیاسی طور پر صفایا کردیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، رانا مشہود، سردار اویس خان لغاری اور شاہین بٹ کی ملاقاتیں ہوئی، جس میں پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پارٹی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ رہنماؤں نے انتخابی تیاریوں اور اپنے حلقوں میں جاری سرگرمیوں سے پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔


شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو انتخابی معرکے کیلیے بھرپور تیاری اور گھر گھر جاکر عوام کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان اور رہنما ہر گھر میں نواز شریف کا پیغام پہنچائیں،8 فروری 2024 کے انتخابات کا فیصلہ عوام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام چار سال میں مہنگائی کا ظلم ڈھانے والوں کا سیاسی طور پر صفایا کردیں گے، اللہ تعالیٰ کےفضل اور عوام کی طاقت سے مسلم لیگ (ن) فتح حاصل کرے گی۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ہر حلقے اور اس کے عوام کو متحرک کرنے پر توجہ مرکوز رکھی جائے، انتخابی پرچی بتائے گی عوام کسے چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ایک بار پھر عوام سے تمام وعدے پورے کریں گے۔
Load Next Story