شام حلب میں بمباری سے 9 بچوں سمیت 40 افراد ہلاک درجنوں زخمی

مشرقی حصے میں 2 دنوں کے دوران بیرل بموں سے باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، کئی زخمیوں کی حالت نازک

متحدہ عرب امارات میں مقیم شامی تارکین وطن کو صدارتی انتخابات میں حق رائے دہی سے روک دیا گیا ہے، شام حکومت کا الزام. فوٹو:اے ایف پی/فائل

شام کے تجارتی شہر حلب پر حکومتی فوج کی بمباری بدستور جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران باغیوں کے زیر قبضہ شہر کے علاقوں میں مختلف حملوں میں40 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔


انسانی حقوق کی مبصر تنظیم کے مطابق شہر کے مشرقی علاقوں حی قطنیح، طارق الباد، بستان الکسر، بن زید، مگھیار اور لیرا مائون میں منگل کے دن بیرل بموں کے حملوں میں 22 افراد لقمہ اجل بنے، اسی طرح کل بدھ کے روز مگھیار میں پھر بیرل بموں کی بمباری کے دوران تازہ کارروائی میں مزید 21 افراد مارے گئے، جن میں 9 بچے بھی شامل ہیں، تنظیم کے مطابق ان حملوں میں درجنوں افراد شدید زخمی بھی ہیں، جس سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، دوسری طرف شام کی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے اپنے ہاں مقیم شامی تارکین وطن کو صدارتی انتخابات میں حق رائے دہی سے روک دیا ہے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے وزارت خارجہ کے ایک بیان کے حوالے سے بتایا کہ صدارتی انتخابات کے شیڈول کے مطابق بدھ کو بیرون ملک شامی باشندے صدارتی انتخاب کیلیے ووٹ ڈالیں گے، لیکن متحدہ عرب امارات نے دیگر شام مخالف ملکوں کی طرح اپنی ہاں مقیم شامی تارکین وطن کو انتخاب میں حصہ لینے سے منع کردیا ہے، خیال رہے کہ شام میں صدارتی انتخابات کیلیے3 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
Load Next Story