سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم اربوں روپے کی کرپشن میں 25 سے زائد مقدمات میں مطلوب ہیں، ایف آئی اے

ایف آئی اے نے عدالتی حکم کے بعد یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم کی گرفتاری کےلئے 2 کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ فوٹو؛فائل

انسداد بدعنوانی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیرتجارت مخدوم امین فہیم کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے ٹریڈ ڈویلوپمنٹ اتھارٹی کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے واضح ثبوت ملے جس پر پیپلزپارٹی کے دونوں رہنماؤں کو نوٹسز جاری کئے گئے لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا تاہم آج ایف آئی اے نے کراچی کی انسداد بدعنوانی کی خصوصی عدالت کے جج محمد عظیم کے روبرو دونوں کا 25 سے زائد مقدمات میں ملوث ہونے کا چالان جمع کرایا جس پرعدالت نے سابق وزیراعظم اور سابق وزیر تجارت کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔

عدالت کی جانب سے یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم کی گرفتاری کے حکم کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کےلئے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر سندھ زون اور ڈپٹی ڈائریکٹر کرائم سرکل کی سربراہی میں دو کمیٹیاں تشکیل دے دیں جو یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم کی گرفتاری کےلئے اندرون سندھ اور ملتان میں کارروائی کریں گی۔
Load Next Story