کراچی میں اسٹریٹ کرائمز پر شہری مشتعل اپنی عدالت لگانے پر مجبور

کورنگی میں ہجوم کا دو ڈاکوؤں پر شدید تشدد، اسلحہ چھین کر سینے میں گولیاں مارکر زخمی کردیا

فوٹو: فائل

ڈاکو راج سے تنگ شہریوں کا صبر جواب دے گیا، شہری از خود ہی اپنی عدالت لگانے پر مجبور ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن کورنگی 6 نمبر سیکٹر 51 سی عبدالرزاق شاہ مزار کے قریب عوام نے لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکوؤں کو فائرنگ کا نشانہ بناکر شدید زخمی کردیا جنہیں ایدھی کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچایا جہاں ان کی شناخت 28 سالہ عابد اور 30 سالہ مہتاب کے ناموں سے ہوئی۔


ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ڈاکوؤں کو سینے پر گولیاں لگی ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے، زمان ٹاؤن پولیس کے مطابق واردات کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو عوام نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران مشتعل مکینوں میں شامل ایک شہری نے ڈاکوؤں سے پستول چھین کر انہیں فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ پولیس کو ڈاکوؤں سے 2 ٹی ٹی پستول، 2 موبائل فونز، پرس ، نقدی اور موٹر سائیکل ملی ہے۔

واضح رہے کہ شہر میں پولیس کی ناقص کارکردگی کے باعث بے لگام ڈاکوؤں کے خلاف عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آرہا ہے جس کا واضح ثبوت گزشتہ سال دسمبر کے آخری عشرے میں دیکھنے میں آیا جس میں عوام نے سڑکوں پر اپنی عدالت لگا کر 4 روز میں 7 ڈاکوؤں کو منطقی انجام تک پہنچایا۔

شہریوں نے 3 ڈاکو اورنگی ٹاؤن، 2 ڈاکو سرجانی ٹاؤن، ایک ڈاکو کورنگی اور ایک ڈاکو مومن آباد کے علاقے میں مار دیا جس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عوام میں سفاک ڈاکوؤں کے خلاف کس قدر اشتعال پایا جاتا ہے اور وہ اپنی جان کی پروا کیے بغیر ڈاکوؤں سے نمٹ رہے ہیں۔
Load Next Story