انسانی اسمگلرامریکی ارب پتی سے فائدہ اٹھانے والے مشہور افراد کے نام منظر عام پر

فائدہ اٹھانے والوں میں شہزادہ اینڈریو، سابق امریکی صدر بل کلنٹن ، ڈونلڈ ٹرمپ ، مائیکل جیکسن سمیت دیگر شامل ہیں

جیفری ایپسٹین 2019 میں جیل میں مردہ پائے گئے تھے:فوٹو:فائل

انسانی اسمگلنگ میں ملوث امریکی ارب پتی شخصیت جیفری ایپسٹین سے فائدہ اٹھانے والی مشہور شخصیات کے نام منظر عام پر آگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے ارب پتی کاروباری شخص جیفری ایپسٹین کی نوعمر لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتی سے متعلق قانونی دستاویزات جاری کی گئی ہیں جن میں متعدد مشہور شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں۔

جیفری ایپسٹین کے پرائیوٹ طیارے میں نیویارک، فلوریڈا اور نیو میکسیکو میں واقع ان ذاتی جزائر پر تفریح کرنے والوں میں برطانیہ کے شہزادے پرنس اینڈریو، سابق امریکی صدر بل کلنٹن ، ڈونلڈ ٹرمپ ، آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن ، مشہور جادوگر ڈیوڈ کاپرفیلڈ، ہالی ووڈ اداکار لیو نارڈو ڈی کیپریو سمیت دیگر مشہور شخصیات شامل ہیں۔


درجنوں خواتین نے جن میں ان کی سابق گرل فرینڈ بھی شامل ہیں جیفری ایپسٹین اور ان کے مہمانوں کی جانب سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے الزامات عائد کیے تھے۔جیفری ایپسٹین کی ایک سابق گرل فرینڈ انسانی اسمگلنگ اور لڑکیوں سے زیادتی میں ان کی مدد کرنے پر 20 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔

ارب پتی امریکی بزنس مین کو کم عمر بچوں کی اسمگلنگ کے الزام میں جولائی 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اگست 2019 کو ان کی لاش جیل میں ان کے سیل میں پائی گئی تھی۔جیفری ایپسٹین کی موت کو خود کشی قرار دیا گیا تھا جبکہ کچھ میڈیا رپورٹس میں ان کے قتل کا شبہ بھی ظاہرکیا گیا تھا۔

 
Load Next Story