گرینڈ الائنس بنانے کیلئے لندن میں چوہدری برادران کی ڈاکٹرطاہرالقادری سے ملاقات

چور نہیں چور کی ماں کو پکڑنا چاہتے ہیں،سربراہ مسلم لیگ (ق)چوہدری شجاعت حسین

ملک میں تھری ڈی کرپٹ سسٹم کا نام جمہوریت رکھ دیا گیا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری۔فوٹو:ایکسپریس نیوز

عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور چوہدری برادران کا کہنا ہے کہ ملک میں نظام بدلنے کی خواہاں سیاسی قوتوں سے رابطے کررہے ہیں ہم چور نہیں چور کی ماں کو پکڑنا چاہتے ہیں۔

لندن میں چوہدری برداران کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہر القادری نے کہا کہ ملک میں تھری ڈی کرپٹ سسٹم کا نام جمہوریت رکھ دیا گیا ہے،دھونس اور دھاندلی سے آئے حکمرانوں کا خاتمہ ضروری ہے جس کے لیے ہم نے نظام بدلنے کی خواہاں سیاسی قوتوں سے باقاعدہ رابطوں کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خاندان کی بادشات قائم ہے اور کوئی جمہوریت نہیں ہے تو اس کے خلاف سازش کیسی, ہم ملکی مفاد اور انتخابی اصلاحات کے ایجنڈے پر اکٹھا ہوئے ہیں۔


اس موقع پر مسلم لیگ(ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت نے فوج کے خلاف جنگ شروع کردی اور افواج پاکستان کے خلاف بات ملک کے خلاف بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چور نہیں چور کی ماں کو پکڑنا چاہتے ہیں جس کے لیے محب وطن سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے جبکہ عمران خان سے بھی ہمارا رابطہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ نظام میں بہتری کے لیے انتخابی اصلاحات ہونی چاہئیں۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ کیا کبھی کسی وزیردفاع نے اپنی فوج کو برا بھلا کہا ہے جبکہ اس حکومت کا ماضی عدالت پر حملے سے شروع اور فوج پر ختم ہوتا ہے اور حکمران اب تیسری مرتبہ فوج سے لڑنے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں ڈاکٹر طاہر القادری اور چوہدری برادران میں اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی لندن پہنچ چکے ہیں۔
Load Next Story