راولپنڈی میں پولیس وردی میں ڈاکو کی فائرنگ سے اوورسیز پاکستانی ہلاک

ڈاکو غیر ملکی کرنسی، قیمتی اشیاء سمیت سفری دستاویزات لوٹ کر فرار

فوٹو فائل

تھانہ ریس کورس کے علاقے رینج روڈ پر پولیس وردیوں میں ناکہ لگائے ڈاکو 6سالہ بچی کے ساتھ گاڑی میں بیٹھے برطانیہ پلٹ اوورسیز پاکستانی کو فائرنگ کرکے قتل کرتے ہوئے قیمتی اشیاء سے بھرا ہینڈ کیری بیگ لوٹ کر فرار ہوگئے۔

برطانیہ میں مقیم ڈھڈیال آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والا اوورسیز پاکستانی تصرف محمود برطانیہ سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے جہاں انکے کزن نے اپنی 6سالہ بیٹی کے ہمراہ انہیں اپنے ساتھ لیا اور گاڑی پر سوار ہوکر ڈھوک چوہدریاں میں واقع اپنے سسرال کی طرف روانہ ہوئے۔

راستے میں رینج روڈ پر پولیس وردیوں میں ملبوس تین موٹر سائیکل سواروں نے باقاعدہ ناکہ لگا کر انھیں چیکنگ کا کہہ کر رکوایا اور پاسپورٹ چیک کرتے ہوئے ہینڈ کیری بیگ چھیننے کی کوشش کی تو تصرف محمود نے پریشانی کے عالم میں مزاحمت کی کوشش کی جس پر مسلح ڈاکو نے گاڑی میں معصوم بچی کی پروا کیے بغیر فائرنگ شروع کر دی۔


ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں تصرف محمود شدید زخمی ہوا جبکہ ملزمان ہینڈ کیری بیگ جس میں غیر ملکی کرنسی، قیمتی اشیاء و دیگر سفری دستاویزات تھیں لوٹ کر فرار ہوگئے۔ امدادی ٹیم نے زخمی تصرف محمود کو اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور فرانزک کی مدد سے شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔

ایس ایچ او ریس کورس راجہ افتخار کا کہنا تھا کہ علاقے میں نصب کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی ویڈیو فوٹیج اکھٹی کر رہے ہیں، ملزمان کو جلد ٹریس کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
Load Next Story