کنگنا رناوت بھی فلم انیمل کیخلاف بول پڑیں

ایسی فلموں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جن میں عورت کو جوتے چاٹنے کا کہا جاتا ہے، کنگنا رناوت

کنگنا رناوت سے پہلے جاوید اختر نے بھی فلم 'انیمل' پر تنقید کی تھی : فوٹو : ویب ڈیسک

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے بھی رنبیر کپور کی بلاک بسٹر ایکشن فلم 'انیمل' پر کڑی تنقید کردی۔

سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'انیمل' کی مقبولیت میں جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے تو وہیں فلم کو شدید تنقید کا بھی سامنا ہے کیونکہ فلم میں عورت پر ہاتھ اُٹھانا دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی کچھ ایسے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں جن میں خواتین کی بےعزتی کی گئی ہے۔

فلم 'انیمل' پر جہاں معروف بھارتی شاعر اور گیت نگار جاوید اختر نے تنقید کی تو وہیں اب کنگنا رناوت بھی 'انیمل' کی کامیابی پر خاموش نہ رہ سکیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک صارف نے کہا کہ "کنگنا رناوت نے فلم 'تیجاس' میں شاندار اداکاری کی ہے لیکن اس کے باوجود بھی اُن کی فلم کامیاب نہ ہوسکی اور کرن جوہر ان کا کیریئر تباہ کرنا چاہتے ہیں"۔

مزید پڑھیں: جاوید اختر کی 'انیمل' پر تنقید، فلم کی کامیابی کو خطرناک قرار دیدیا

صارف کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کنگنا رناوت نے کہا کہ "میں اب تک اپنی فلموں کی کامیابی کے لیے جدوجہد کررہی ہوں لیکن فلمی شائقین خواتین کو پیٹنے والی فلموں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں"۔

کنگنا رناوت نے فلم 'انیمل' کا نام لیے بغیر کہا کہ "ایسی فلموں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جن میں عورت کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے، اُنہیں جوتے چاٹنے کا کہا جاتا ہے"۔


اداکارہ نے مزید کہا کہ "خواتین کو بااختیار بنانے والی فلمیں، آنے والے سالوں میں میرے کیریئر کو بدل سکتی ہیں اور میں اپنی زندگی میں ایسی فلمیں کرنا چاہتی ہوں جن کی قدر ہوں"۔
Load Next Story