کنگنا رناوت بھی فلم انیمل کیخلاف بول پڑیں
سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'انیمل' کی مقبولیت میں جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے تو وہیں فلم کو شدید تنقید کا بھی سامنا ہے کیونکہ فلم میں عورت پر ہاتھ اُٹھانا دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی کچھ ایسے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں جن میں خواتین کی بےعزتی کی گئی ہے۔
فلم 'انیمل' پر جہاں معروف بھارتی شاعر اور گیت نگار جاوید اختر نے تنقید کی تو وہیں اب کنگنا رناوت بھی 'انیمل' کی کامیابی پر خاموش نہ رہ سکیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک صارف نے کہا کہ "کنگنا رناوت نے فلم 'تیجاس' میں شاندار اداکاری کی ہے لیکن اس کے باوجود بھی اُن کی فلم کامیاب نہ ہوسکی اور کرن جوہر ان کا کیریئر تباہ کرنا چاہتے ہیں"۔
مزید پڑھیں: جاوید اختر کی 'انیمل' پر تنقید، فلم کی کامیابی کو خطرناک قرار دیدیا
صارف کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کنگنا رناوت نے کہا کہ "میں اب تک اپنی فلموں کی کامیابی کے لیے جدوجہد کررہی ہوں لیکن فلمی شائقین خواتین کو پیٹنے والی فلموں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں"۔
کنگنا رناوت نے فلم 'انیمل' کا نام لیے بغیر کہا کہ "ایسی فلموں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جن میں عورت کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے، اُنہیں جوتے چاٹنے کا کہا جاتا ہے"۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ "خواتین کو بااختیار بنانے والی فلمیں، آنے والے سالوں میں میرے کیریئر کو بدل سکتی ہیں اور میں اپنی زندگی میں ایسی فلمیں کرنا چاہتی ہوں جن کی قدر ہوں"۔
Paid negativity for my films is overwhelming, I have been fighting hard so far but even audiences are encouraging women beating films where they are treated like sex objects and asked to lick shoes, this is deeply discouraging for someone who has been dedicating her life for... https://t.co/VExJHxRE3P
واضح رہے کہ کنگنا رناوت سے پہلے جاوید اختر نے ایک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے فلم 'انیمل' کا نام لیے بغیر، اس فلم کے سین کا حوالہ دیتے ہوئے فلم کی کامیابی پر سخت تنقید کی تھی۔
جاوید اختر نے کہا تھا کہ 'ایک فلم ہے جس میں ایک مرد کسی عورت سے اپنا جوتا چاٹنے کا مطالبہ کرتا ہے، فلم میں مرد کہتا ہے کہ عورت کو مارنا بالکل ٹھیک ہے اور اگر یہ فلم سُپر ہٹ ہوجائے تو یہ معاشرے کے لیے خطرناک ہے'۔
مزید پڑھیں: "ہر جگہ صنفی سیاست نہیں لائیں"، فلم 'انیمل' کی ٹیم کا جاوید اختر کو کرارا جواب
اس تنقید پر فلم 'انیمل' کی ٹیم نے جاوید اختر کے نام جاری کیے گئے بیان میں کہا تھا کہ 'محبت کے نام پر مرد کے ہاتھوں دھوکہ کھانے والی عورت اگر اُس مرد سے اپنا جوتا چاٹنے کا کہتی تو آپ جیسے لوگ اسے حقوق نسواں کہہ کر بہت خوش ہوتے'۔
یاد رہے کہ رنبیر کپور کی سُپر ہٹ فلم 'انیمل' 2023 میں یکم دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی اور اب تک اس فلم نے دُنیا بھر سے مجموعی طور پر 800 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے۔