سندھ کا بجٹ عوام دوست اور روزگارکے مواقع پیداہوں گے وزیرخوراک

مسائل کا ادراک ہے،ترقیاتی کاموں کیلیے کثیر رقم رکھی گئی ہے، تمام طبقوں کو ریلیف ملے گا، جام مہتاب ڈہر

مسائل کا ادراک ہے،ترقیاتی کاموں کیلیے کثیر رقم رکھی گئی ہے، تمام طبقوں کو ریلیف ملے گا، جام مہتاب ڈہر فوٹو؛فائل

صوبائی وزیر خوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ بجٹ میں تمام طبقوں کو ریلیف فراہم کرے گی اور بجٹ 2014-15 عوام دوست بجٹ ہوگا۔

جمعہ کو اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بجٹ سے عوام کو بہت توقعات ہیں اور حکومت ان توقعات پر پورا اترے گی، ترقیاتی کاموں کے لیے کثیر رقم مختص کی گئی ہے، بجٹ میں صحت، تعلیم، امن وامان اور دیگر شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے کیونکہ کوئی بھی قوم تعلیم، صحت کے شعبوں میں ترقی کیے بغیر ترقی یافتہ قوم شمار نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں روزگار کے وسیع مواقع مہیا کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور سرکاری اور نجی اداروں میں روزگار کے ہزاروں مواقع مہیا ہوں گے۔


انہوں نے کہا کہ حکومت کو امن و امان کی صورتحال کا ادراک ہے اور اس کی ہر ممکن کوشش ہے کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اتنا مضبوط بنایا جائے کہ جرائم پیشہ افراد جرم کرنے کا نہ سوچیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بجٹ میں انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں اور تمام محکموں سے ملنے والی سفارشات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت عوام دوست ہے، حکومت کو عوامی مسائل احساس ہے اور ان کے حل کے لیے ہر سطح پر کوششیں جاری ہیں۔ جام مہتاب حسین ڈھر نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت عوام سے مخلص ہے اور مصیبت کی ہر گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔

 
Load Next Story