کراچی کیلئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے نگران وزیراعظم

کے-الیکٹرک کے وفد نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کی، وزیراعظم آفس

(فوٹو: فائل)

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارت توانائی کو ہدایت کی ہے کہ کے۔الیکٹرک کے مسائل کا حل باہمی مشاورت سے حل نکالا جائے اور کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بناتے ہوئے بجلی صارفین کی قوت خرید اور ان کی بہبود پالیسی کا محور ہونا چاہیے۔

وزیراعظم کے دفتر دے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے کے۔الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس عبداللہ علوی کی قیادت میں کمپنی کے وفد نے ملاقات کی جہاں نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی، چیئرمین نیپرا، چیف ایگزیکٹو آفیسر سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔


اس موقع پر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو کے۔الیکٹرک کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی اور کے-الیکٹرک کے وفد نے دیرینہ مسائل حل کرنے اور 390 ارب روپے کے سرمایہ کاری پلان اور قابل تجدید توانائی کے 640 میگاواٹ کے منصوبوں کے لیے نرخوں کی منظوری اور 1000 میگا واٹ اضافی بجلی کی فراہمی کی منظوری پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور کے۔الیکٹرک کے باہمی تعاون سے کراچی کے لیے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی، ان اقدامات سے سرمایہ کاروں کو مثبت پیغام ملا ہے۔

انہوں نے نے وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ کے۔الیکٹرک کے دیگر مسائل کا باہمی مشاورت سے مستقل حل نکالا جائےاور شہریوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
Load Next Story