سندھ پریمئر لیگ کا آغاز 25 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا

گورنر ہاؤس کراچی میں لیگ کی پریمیئر تقریب میں جاوید میانداد، معین خان سمیت سابق کرکٹرز کی شرکت

فوٹو: فیس بک

سندھ پریمئر لیگ 25 جنوری سے 5 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

لیگ کے حوالے سے جمعرات کی شب گورنر ہائوس سندھ میں تقریب کا انعقاد ہوا جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری مہمان خصوصی تھے، تقریب میں لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد، معین خان، عمر اکمل، عبدالرزاق ودیگر شریک ہوئے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ صوبے میں کرکٹ کے فروغ کی راہیں کھولے گی، سندھ کے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو اپنی اہلیت منوانے کے مواقع میسر آئیں گے۔


سابق ٹیسٹ کپتان اور وائس چیئرمین ایس پی ایل جاوید میانداد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ سندھ لیگ خوب ترقی کرے، لیگ کی کامیابی کیلئے ہر وقت حاضر ہوں۔

سابق ٹیسٹ کپتان و ہیڈ کوچ میر پور خاص ٹائیگرز معین خان نے کہا کہ بہت خوشی ہورہی ہے کہ سندھ میں کرکٹ فروغ پارہی ہے، لیگ کے انعقاد سے چھوٹے کرکٹرز کو روزگا ملے گا،سندھ کے ہر ریجن میں کرکٹ اکیڈمی کا قیام اچھا فیصلہ ہے۔

معین خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ لیگ کے بقیہ سیزن دوسرے شہروں میں بھی ہوں، جو ٹیم چیمپئن بنے اس کے شہر میں اگلا سیزن منعقد ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جاوید میانداد نے ورلڈ کپ میں دس میں سے سات میچز میں پچاس رنز سے زائد رنز کی اننگز کھیلی تھیں، جہاں ہم عالمی کپ کے فاتح کپتان کا نام لیتے ہیں وہیں جاوید میانداد بھی ورلڈکپ کے ہیرو تھے۔
Load Next Story