جرمن چانسلر اینجیلا مرکل دنیا کی بااثر ترین خاتون قرار مشعل اوباما کا آٹھواں نمبر

بااثر ترین خواتین کی فہرست میں کوئی پاکستانی خاتون شامل نہیں لیکن مشرق وسطٰی کی 4 خواتین اس میں شامل ہیں۔

انجیلا مرکیل 2005 سے جرمنی کی چانسلر ہیں۔ فوٹو: فائل

عالمی شہرت یافتہ جریدے فوربز نے جرمن چانسلر انجیلا مرکیل کو دنیا کی سب سے بااثر ترین خاتون قرار دیا ہے جبکہ امریکی خاتون اول مشعل اوباما کا فہرست میں آٹھواں نمبر ہے۔


عالمی شہرت یافتہ امریکی مالیاتی جریدے فوربز کی جانب سے دنیا کی 100 بااثر ترین خواتین کی فہرست میں جرمن چانسلر انجیلا مرکیل کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، امریکا کے فیڈرل ریزرو کی چئیرپرسن جینٹ ییلین ، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی میلنڈا گیٹس، برازیل کی صدر ڈیلما روسیف، عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ کرسٹین لاگاردے بالترتیب دوسرے ،تیسرے ،چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔ اس کے علاوہ سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن چھٹے اور امریکا کے موجودہ صدر باراک اوباما کی اہلیہ مشعل اوباما کا آٹھواں نمبر ہے۔

بااثر ترین خواتین کی فہرست میں کوئی پاکستانی خاتون شامل نہیں لیکن پہلی مرتبہ اس فہرست میں مشرق وسطٰی کے مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والی 4 خواتین جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں، عالمی درجہ بندی میں متحدہ عرب امارات کی وزیر شیخہ لبنیٰ القاسمی کا 55واں نمبر ہے۔ گذشتہ سال جاری کردہ فہرست میں ان کا 67واں نمبر تھا۔ سعودی عرب کی کاروباری شخصیت لبنیٰ علیان 86ویں، قطر کی میسا الثانی 91 ویں اور متحدہ عرب امارات کی کاروباری شخصیت فاطمہ الجابر بااثر خواتین میں 94 نمبر پر ہیں۔
Load Next Story