خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیر اور دلچسپ مجموعہ

فوٹو : فائل

کتابیں پڑھنا
نیلما یوسف، منڈی بہائوالدین
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھی پڑھائی کر رہی ہوں اور میری امی میرے کمرے میں داخل ہوتی ہیں اور ان کے ہاتھ میں ایک پیکٹ ہوتا ہے جس میں گوشت ہوتا ہے ۔ وہ میرے اوپر سے پھرا کر واپس کمرے سے باہر چلی جاتی ہیں اور ملازم سے باہر کسی کو دینے کو کہتی ہیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے تنگ دستی غم اور پریشانی سے نجات ملے گی ۔ اللہ تعالی کی مہربانی سے قرض کی ادائیگی کی کوئی بہتر سبیل بن جائے گی ۔ اور اس کے علاوہ اگر کوئی بیمار ہے گھر میں تو اس کو شفاء ملے گی ۔ آپ سب نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

کھیتوں کا جائزہ لینا
نور احمد ، گجرات
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کھیتوں کا جائزہ لے رہا ہوں اور اپنے ہمسائیوں کی فصل دیکھ کر سوچتا ہوں کہ ان کا کھیت سرسوں سے لدا پڑا ہے جبکہ اس سال اچھی کھاد استعمال کرنے کے باوجود میری فصل اتنی کم کیوں ہے اور واقعتاً میرا لگا ہوا سرسوں کافی سوکھا ہوا اور کم نمو یافتہ ہوتا ہے جس کو دیکھ کر میں بہت رنجیدہ ہوتا ہوں اور ڈیرے کی طرف چل پڑتا ہوں۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم سے واسطہ پڑ سکتا ہے۔ کاروباری معاملات میں بھی کسی رکاوٹ یا پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر جمعرات حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں ۔ اس کے علاوہ اپنے گھر میں پرندوں کو دانہ ڈالنے کا بھی اہتمام کریں ۔

گھر کی صفائی
شہزادی ، کوئٹہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر میں کام والی سے صفائی کرا رہی ہوں۔ اپنے کمرے کی جھاڑ پونچھ کرتے ہوئے میری نظر ایک بچھو پہ پڑتی ہے جس کو دیکھ کر میں بے اختیار چیخنا شروع کر دیتی ہوں ۔ اس پر میرے بھائی کمرے میں آتے ہیں مگر وہ بچھو نظر نہیں آتا ۔ وہ مجھے کہتے ہیں کہ بھلا ہمارے گھر کیسے آ سکتا ہے۔ اس کے بعد مجھے یاد نہیں۔

تعبیر:۔ یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ خدا نہ کرے کوئی دشمنی کر سکتا ہے اور نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے۔ اس سے یقینی طور پر طبیعت میں رنج و ملال پیدا ہو گا ۔ ذہنی طور پر بھی کافی خوف رہے گا ۔ اور اس سے مراد کاروباری معاملات میں بھی کسی مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ آپ ایک تو نماز پنجگانہ کی پابندی کریں دوسرا کثرت سے استغفار کیا کریں۔

بال کٹنا
راحیلہ بیگم، راولپنڈی
خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوں اور کہیں جانے کے لئے جلدی جلدی تیار ہو رہی ہوں، ساتھ ہی دل میں یہ بھی سوچ رہی ہوں کہ میں نے بہت دیر کر دی ہے۔ جب بال بنانے کے لئے میں اپنی چوٹی کھولتی ہوں تو وہ پوری کی پوری میرے ہاتھ میں آ جاتی ہے جس کو دیکھ کہ میں چیخنے لگ جاتی ہوں کہ کس نے میرے سارے بال کاٹ دئیے۔ اسی شور میں میری آنکھ کھل گئی اور میں نے فوراً اٹھ کر اپنے بال چیک کئے کیونکہ اتنا مضبوط تصور تھا ان کے کٹنے کا ۔

تعبیر :۔ خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی ناگہانی آفت یا پریشانی سے دوچار ہونا پڑے گا ۔ خاص طور پہ گھریلو معاملات میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔گھریلو معاملات کو کبھی حد سے بڑھنے نہ دیں ۔ خاص طور پر اپنے میاں کے ساتھ غیر ضروری بحث سے گریز کریں ۔ بلکہ ان کو جو بھی کھانے یا پینے کو دیں اس پہ ایک مرتبہ یا ودود اور ایک مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھ کر پھونک مار دیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں ۔

درخت پرچڑھنے کا مقابلہ
نجمہ نعمان، مانسہرہ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کالج کے ٹرپ کے ساتھ کہیں گئی ہوئی ہوں اور وہاں اپنی دوستوں کے ساتھ مل کے درخت پہ چڑھنے کا مقابلہ کرتی ہوں کہ کون جلدی درخت پہ چڑھتا ہے۔ ہم تین دوستیں تیزی سے درخت پہ چڑھتی ہیں ۔ میں سب سے پہلے اوپر مطلوبہ مقام تک پہنچ جاتی ہوں۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو کہ خوشی پہ دلیل کرتا ہے۔ اس کا تعلق تعلیمی معاملات اور گھریلو دونوں سے ہو سکتا ہے۔ اللہ کی مہربانی سے عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

کند چھری
طارق مغل، مریدکے
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر میں بقر عید کے لئے جانور قربان کرنے کے لئے چھری لا کر رکھتا ہوں اور باقی کی چیزیں بھی اکٹھی کر کے قربانی کے لئے کام شروع کرتا ہوں مگر کیا دیکھتا ہوں کہ میری چھری بہت زنگ آلود ہوتی ہے اور اس قابل بھی نہیں ہوتی کہ سبزی تک کاٹ سکے، جانور کاٹنا تو نا ممکن سی بات تھی۔ یہ دیکھ کر میں بہت رنجیدہ و پریشان ہوتا ہوں اور اٹھ کر گھر کے اندر چلا جاتا ہوں ۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ اب اس کا تعلق گھریلو، تعلیمی یا کاروباری دنیا سے بھی ہو سکتا ہے ۔ آپ چلتے پھرتے وضو بے وضو یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ ممکن ہو سکے تو روزانہ حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں یا مالی حالات اس کی اجازت نہیں دیتے تو چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا اہتمام کریں ۔

ہمسائیوں کے گھر سے خوفناک آوازیں
بنت حوا، لاھور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے ہمسائیوں کے گھر ہوں۔ وہاں اچانک ہی بہت خوفناک آوازیں آنے لگتی ہیں ۔ ان کے تمام جانور اور پرندے یکدم چیخنے لگتے ہیں ۔ میری ہمسائی اور ان کے بھائی باہر کی طرف بھاگتے ہیں مگر میں خوفزدہ ہو کر وہیں دبک کر بیٹھی رہتی ہوں ۔ مگر پھر ان لوگوں کی واپسی نہیں ہوتی اور میں پریشانی میں اندر ہی بیٹھی رہتی ہوں اور چیخوں اور شور کی آوازیں بلند سے بلند ہوتی چلی جاتی ہیں ۔

تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے ۔ گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے ۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں ۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے ۔ آپ یاحی یاقیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔

خوبصورت مکان میں گھومنا
مراد نسیم، شیخوپورہ
خواب: میں نے دیکھا کہ ایک بہت ہی بڑا اور خوبصورت گھر ہے جس کے اندر میں گھوم رہی ہوں اور بہت زیادہ خوش ہوں پھر دیکھتی ہوں کہ میں ایک کمرے میں بیٹھی پھل کھا رہی ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔ گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔


جھگڑا کرنا
ساجد منظور، لاھور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں شائد کسی سے لڑ رہا ہوں ۔ وہاں اور بھی لوگ ہیں مگر جن سے میرا جھگڑا ہو رہا ہے میں ان کو نہیں جانتا ۔ وہ میرے لئے اجنبی ہیں مگر خواب میں خود کو بہت زیادہ جھگڑا کرتے دیکھا ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیریقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

ہاتھ صاف نہیں ہوتے
پروین کوثر ،لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں مسلسل کسی پاوڈر سے اپنے ہاتھ دھو رہی ہوں مگر ان سے گندگی یا داغ جو بھی ہے اتر نہیں رہا ۔ میں خوب رگڑ رگڑ کر ہاتھ دھوتی ہوں مگر میرے ہاتھ صاف نہیں ہوتے ۔ میں بہت پریشان ہوتی ہوں کہ اب کیسے یہ سب صاف ہو گا اور اپنے گھر والوں کے متوقع رویے سے بھی خوفزدہ ہوتی ہوں کہ والدین بہت خفا ہوں گے ۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔ کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے ۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

فصل خراب ہونا
زاہد شکور، شاہ کوٹ
خواب : میں نے دیکھا کہ ہمارے کھیتوں میں کوئی ساری فصل خراب کر گیا ہے بلکہ جس سائیڈ پہ ہم نے لکڑی کے لئے درخت لگا رکھے تھے وہ بھی کسی نے سارے کاٹ دئیے ہیں اور ہم بالکل خالی جگہ دیکھ کر بہت پریشان ہیں ۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے ۔ جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

چیل کا حملہ
فہد منصور،لاھور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی چھت پہ ہوں اور وہاں شاید کوئی کام کر رہا ہوں ۔ اچانک ایک چیل جو کب سے ہماری ٹینکی پی بیٹھی ہوتی ہے ۔ میرے ہاتھ کی طرف اڑ کر آتی ہے اور میرے ہاتھ پہ چونچ مارتی ہے ۔ میں ایک دم سے بھاگتا ہوں ۔ نیچے آ کر دیکھتا ہوں کہ میرے ہاتھ سے بہت خون نکل رہا ہوتا ہے اور ھتھیلی سے گوشت کا ٹکڑا ہی غائب ہوتا ہے یہ دیکھ کر میری بہن رونے لگتی ہے کہ کوئی جلدی سے ڈاکٹر کو بلا کر لے آئے۔

تعبیر: اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں بھی کوئی مسلہ پیش آ سکتا ہے ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب استطاعت صدقہ کیا کریں ۔

اونچی آواز میں رونا
مقدس علی، لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں بہت زور زور سے رو رہی ہوں اور میری چیخیں سن کر لوگ مجھے دیکھ رہے ہیں ۔ خود مجھے بھی اس طرح رونا اچھا نہیں لگ رہا مگر مجھے خود پہ کنٹرول نہیں ہوتا اور میں مسلسل اونچی آواز میں روتی چلی جاتی ہوں ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیریقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

گھوڑے کی سواری
ناصرہ غفور، سرگودھا
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے سسر کے کسی دوست کی دعوت پہ پوری فیملی کے ساتھ ان کے گاوں آئی ہوں ۔ وہاں ان کا گھوڑوں کا بہت ہی خوبصورت اصطبل بھی ہے۔ جب ہم اس کی سیر کو جاتے ہیں تو مجھے ایک بہت ہی خوبصورت گھوڑا نظر آتا ہے۔ میں اس کو پیار سے سہلاتی ہوں تو وہ میرے پاس آ کر کھڑا ہو جاتا ہے۔ انکل اس کو مجھے تحفے میں دیتے ہیں اور میں اس پہ سوار ہو کر چل پڑتی ہوں حالانکہ مجھے گھوڑا بالکل دوڑانا نہیں آتا ، مہربانی فرما کر مجھے اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی ۔ علم میں کاملیت ہو گی، رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں ۔

پہاڑی مقام کی سیر
سلیمہ خان، راولپنڈی
خواب : یہ خواب میرے چھوٹے بھائی نے دیکھا اور وہ کہتا ہے کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کسی پہاڑی مقام کی سیر کرنے آیا ہوا ہوں۔ وہاں بہت خوبصورت پہاڑ ہیں اور قدرتی نظاروں کی بہتات ہوتی ہے۔ ایک دن میرا ایک دوست ھم سب کو ٹریکنگ کرنے لے جاتا ہے۔ تین سے چار گھنٹوں کی چڑھائی کے بعد ہم کو ایک چھوٹا سا قدرتی جنگل دکھائی دیتا ہے جس کے بیچوں بیچ ایک ندی بہہ رہی ہوتی ہے، وہاں کچھ ہرن پانی پی رہے ہوتے ہیں ۔ میں ان کی تصویریں اتارتا ہوں اور اپنی جیب سے چھلی نکال کے ہرن کے چھوٹے بچے کی طرف بڑھاتا ہوں جو وہ میرے ھاتھ سے ہی کھا لیتا ہے ۔ یعنی وہ سب ہرن انسانوں سے مانوس دکھائی دیتے ہیں ۔ پھر جب ہم چلنا شروع کر دیتے ہیں تو وہ بچہ ہمارے پیچھے پیچھے آنا شروع ہو جاتا ہے ۔ میرے دوست کہتے ہیں کہ چونکہ میں نے اس کو چھلی دی تھی اس لئے وہ اور لینے کے لئے میرے پیچھے آ رہا ہے ۔ میرے پاس اور تو کچھ دینے کے لئے نہیں ہوتا ، بس میں اس کو پیار کرتا ہوں اور آگے چل پڑتا ہوں ۔ مگر وہ مسلسل میرے پیچھے آتا رہتا ہے ۔ میں اپنے دوستوں کو کہتا ہوں کہ یہ اب میرا ہو گیا ہے، میں اس کو ساتھ اپنے گھر لے جاوں گا ۔ جس پہ وہ سب میرا خوب مذاق اڑاتے ہیں ۔

تعبیر : بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی و فضل سے جلد ہی کوئی خوشخبری ملے گی اور حلال طریقے سے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ مالی طور پہ مستحکم ہوں گے ۔ چاہے کاروباری وسائل ہوں یا نوکری میں آسانی ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو حسب استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

چاند گود میں
جلیل احمد، تلہ گنگ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنی چھت پہ کھڑا ہوں اور آسمان کی طرف چاند کو دیکھ رہا ہوں ۔ مجھے اس میں بہت کشش محسوس ہو رہی ہوتی ہے۔ اتنی دیر میں کیا دیکھتا ہوں کہ چاند میری گود میں اتر آتا ہے اور میں اس کو بہت خوشی سے دیکھ رہا ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں، کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
Load Next Story