پانی چوروں کیخلاف کارروائی غیر قانونی کنکشن اور ہائیڈرینٹس مسمار

واٹر بورڈ کے عملے نے چھاپوں کے دوران پانی چوری کرکے فروخت کرنیوالوں کے خلاف آپریشن کرکے غیر قانونی کنکشن منقطع کردیے

ہائیڈرینٹس کی تعمیرات اورپمپ ہاؤس توڑدیے گئے،منگھوپیراورسعیدآباد تھانے میں مقدمات درج،غیرقانونی پانی کے کنکشن ختم کردیے جائیں،ڈپٹی کمشنر غربی فوٹو : فائل

KARACHI:
سندھ کے وزیر اطلاعات، بلدیات اور چیئرمین ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر پانی چوروں کے خلاف جاری مہم کے دوران ہفتہ کو ضلع غربی میں واٹر بورڈ کے عملے نے چھاپوں کے دوران چوری کا پانی فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن کرکے ہزاروں میٹر پائپ، مشینیں اور سامان ضبط کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

ضلع غربی میں دوبارہ کھولے جانے والے ہائیڈرینٹس مسمار کردیے گئے، تفصیلات کے مطابق شہر میں پانی چوری کی روک تھام اور شہریوں کو پینے کا صاف پانی ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے شہر بھر میں پانی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، ہفتہ کے دن واٹر بورڈ کی چھاپہ مار ٹیموں نے ضلع غربی میں بنارس الآصف کانٹا، نادرن بائی پاس ،کٹو گوٹھ میں دوبارہ کھو لے جانے والے ہائیڈرینٹس سمیت واٹر پمپ ہاؤس مسمار کردیا اور درجنوں پانی کے ناجائز کنکشن منقطع کرکے پانی چوری میں استعمال کیا جانے والا 3 ہزار گز پائپ، پانی کی ہیوی موٹریں اور سامان ضبط کرلیا، واٹر بورڈ کے عملے نے بنارس حبیب بینک کے نزدیک اور الآصف کانٹا، نادرن بائی پاس ،خیر آباد اور کٹو گوٹھ میں پانی چوروں کے خلاف کارروائی کے دوران بھاری مشینری سے غیرقانونی تعمیرات کو منہدم اور واٹر پمپ ہاؤس مسمار کردیے۔


واٹر بورڈ انتظامیہ نے منگھوپیر اور سعیدآباد پولیس اسٹیشن میں پانی چوروں کے خلاف ایف آئی آر 92/114 درج کرادی،کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر سید شجاعت حسین، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس عبدالمجید عباسی، چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم انور سعید ،سپرنٹنڈنگ انجینئر آصف قادری اور واٹر بورڈ کے عملے نے حصہ لیا، واضح رہے کہ یہ پانی چور ان علاقوں میں کافی عرصے سے سرگرم تھے اور واٹر بورڈ کی لائنوں سے پانی چوری کرکے مہنگے داموں فروخت کررہے تھے اس اقدام سے ان علاقوں سمیت قرب و جوار میں پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی اور پانی کی حالیہ قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

ڈپٹی کمشنر غربی سید محمد علی شاہ نے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے افسران کے اجلاس کے دوران کہا کہ ضلع غربی میں تمام ہائیڈرینٹس اور پانی چوروں کے غیر قانونی پانی کے کنکشنوں کے مکمل خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی، اس کارروائی کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس واٹر بورڈ افسران کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن نے پانی چوروں کے خلاف حتمی کارروائی کی ہدایت کی ہے لہٰذا آپریشن بلا امتیاز کیا جائے اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سید شجاعت حسین ،ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز افتخار احمد خان ، چیف انجینئر انور سعید ،فہیم اختر زیدی اور تمام انجینئروں نے شرکت کی۔
Load Next Story