لیاری ایکسپریس وے کے قریب پولیس وردی میں ملبوس ملزمان نے تاجر کو لوٹ لیا

ملزمان کے خلاف نیپئرتھانے میں تاجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے

پولیس نے تاجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔فوٹو: فائل

نیپیئرکےعلاقے جمیلہ اسٹریٹ لیاری ایکسپریس کے قریب پولیس وردی میں ملبوس موٹرسائیکل سوار ملزمان نے تاجر کو لوٹ لیا۔

نیپئرپولیس کی جانب سے درج مقدمے کے مطابق لیاری ایکسپریس کے قریب موٹرسائیکل سوار باوردی پولیس اہلکاروں نے تاجر سے دولاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹی، جس کا مقدمہ تاجرکی مدعیت میں نیپیئر تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے تاجر محمد حسن نفیس سے لوٹ مار کے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 24/12 بجرم دفعات 392،397،342،170،34/171 کے تحت درج کرلیا، تاجر نے بیان میں بتایا کہ وہ لکڑی کا کاروبار کرتا ہے 11 جنوری کو لیاقت آباد سے موٹرسائیکل پر لکڑی خریدنے ٹمبر مارکیٹ آرہا تھا کہ گارڈن جمیلہ اسٹریٹ پر باوردی دو اہلکاروں نے روکا۔


تاجر نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان نے موٹرسائیکل کے کاغذات طلب کیے تو میں نے بتایا کہ گاڑی کے کاغذات بھول کر آگئے ہیں جس کے بعد مبینہ پولیس اہلکار مجھے اور میرے ملازم کو گارڈن چوک سے ہوتے ہوئے لیاری ایکسپریس وے کے قریب سنسنان جگہ لے آئے اور ہماری تلاشی شروع کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ میری جیب سے ایک لاکھ 70ہزار اور ملازم کی جیب سے 63 ہزار روپے نکال لیے، مقدمے کے متن کے مطابق تاجر نے پیسے واپس مانگے تو پولیس اہلکاروں نے اسلحہ دکھایا اور کہا کہ چلے جاؤ ورنہ ڈاکو بناکر مار دیں گے اور اس کے بعد دونوں اہلکار فرارہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کررہے ہیں لیکن ابھی تک ملوث اہلکاروں کی نشان دہی نہیں ہوسکی ہے۔
Load Next Story

@media only screen and (min-width: 1024px) { div#google_ads_iframe_\/11952262\/express-sports-story-1_0__container__ { margin-bottom: 15px; } } @media only screen and (max-width: 600px) { .sidebar-social-icons.widget-spacing { display: none; } }