عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں نگراں وزیر اعظم کی جان کیری سے ملاقات

نگراں وزیراعظم کی سری لنکا کے صدر سے بھی عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں ملاقات، تجارتی فروغ پر تبادلۂ خیال

فوٹو وزیراعظم ہاؤس

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں امریکی صدر کے نمائندے جان کیری اور سری لنکا کے صدر سے ملاقات ہوئی ہے۔

ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے 54ویں اجلاس میں شرکت کے موقع پر نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے موسمیات جان کیری سے ملاقات ہوئی۔ جس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ترقی پذیر ممالک کی مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے مقامی اور عالمی اثرات بالخصوص ترقی پذیر ممالک کیلئے اس سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا گیا۔



اس کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس نے بیان جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین تجارت کے فروغ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم ''عالمی تنازعات کے دور سے بچاوٴ'' کے موضوع پرعالمی اقتصادی فورم کے غیر رسمی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں دنیا کے معروف پالیسی ساز، سرمایہ کار و کاروباری رہنما اور ماہرین بھی شرکت کریں گے۔


وزیرِ اعظم ڈیووس میں ڈی-پی ورلڈ اور جے ڈبلیو انٹرنیشنل ہولڈنگ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیرِ اعظم سے ایران کے وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور کارگِل کمپنی کے صدر و چیف ایگزیکٹیو آفیسر برائن سائیکس سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

نگران وزیراعظم کی لبنانی ہم منصب سے ملاقات

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر لبنان کے وزیرِ اعظم نجیب میقاتی نے ملاقات کی اور اس دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان-لبنان دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان اور لبنان کے وزرائے اعظم نے نہتے فلسطینوں بالخصوص بچوں اور عورتوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم پر اظہار تشویش کیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے امریکی کمپنی کیرگل کے صدر اور چیف ایگزیکٹو افسر برائن سائیکس نے ملاقات کی اور اس دوران نگران وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے میں تعاون اور پاک-امریکا تجارتی تعلقات مضبوط کرنے میں کردار کو سراہا ہے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اقدامات کو اجاگر کیا ہے۔

برائن سائیکس نے مختلف شعبوں بالخصوص زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کی تعریف کی۔
Load Next Story