بانی پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس بھارتی کمپنی کے سیلزمین کا بھی بیان قلمبند

احتساب عدالت میں دبئی سے آئے ہوئے بھارتی کمپنی کے سیلزمین کے بیان پر جرح مکمل کرلی گئی

عمران خان سماعت کے دوران عدالت میں موجود تھے—فائل/فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دائر توشہ خانہ ریفرنس میں دبئی میں بھارتی کمپنی کے سیلزمین سمیت دو گواہوں کے بیانات قلم بند کرلیے گئے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت کی جہاں بانی پی ٹی آئی کو بھی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا اور ان کی موجودگی میں دبئی میں بھارتی کمپنی کے لیے سیلز مین کے طور پر کام کرنے والے گواہ کا بیان ریکارڈ کیا گیا اور ان کے بیان پر جرح بھی مکمل کرلی گئی۔


توشہ خانہ ریفرنس کے دوسرے گواہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب مستنصر کا بیان بھی قلم بند کیا گیا جبکہ اگلی سماعت پر نیب کے سلطانی گواہ انعام اللہ شاہ اور صہیب عباسی کے بیانات قلم بند ہوں گے۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ ریفرنس میں سلطانی گواہ انعام اللہ شاہ کے بیان سے قبل قرآن مجید پر ہاتھ رکھ کر ان سے حلف لینے کا مطالبہ کر دیا ہے، جس پر نیب کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ قانون کے مطابق عدالت اس مطالبے پر عمل کرواسکتی ہے۔

عدالت نے دوگواہوں کے بیانات اور دبئی سے آئے ہوئے گواہ کے بیان پر جرح مکمل ہونے کے بعد مزید سماعت 23 جنوری تک ملتوی کر دی۔
Load Next Story