کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ انتخابی جلسوں کے لیے این او سی لازمی قرار دیا گیا

امن و امان حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام متعلقہ اداروں کوعوام کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے، جان اچکزئی

نگران صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو سیکیورٹی اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے—فوٹو: فائل

بلوچستان کے نگران وزیراطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبے کے دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور انتخابی جلسوں کے لیے این او سی کی شرط رکھی گئی ہے۔

جان اچکزئی نے کہا کہ امن و امان حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو عام عوام کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔


نگران صوبائی وزیراطلاعات نے بتایا کہ انتخابی جلسوں سمیت کسی بھی اجتماع کے لیے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے این او سی لازمی ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ ملک میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات کے سلسلے میں انتخابی مہم جاری ہے اور سیاسی جماعتیں جلسے اور کارنرز میٹنگز کا اہتمام کر رہی ہیں جبکہ ملک اس دوران امن و امان کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

گزشتہ روز تربت میں ریجنل الیکشن کمشنر کے آفس پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا، جس کے بعد نگران وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ عوام اور امیدواروں کو پرامن اور سازگار ماحول کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
Load Next Story