الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے کارکنان کا نمائش چورنگی پر دھرنا
متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے رابطہ کمیٹی کے اراکین سمیت کارکنوں کی جانب سے نمائش چورنگی پر دھرنا دیا جارہا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لندن میں الطاف حسین کی منی لانڈرنگ کیس میں گرفتاری کے بعد ایم کیو ایم کارکنان کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا جبکہ االطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے فاروق ستار، ڈاکٹر صغیر، حیدر عباس رضوی سمیت رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین اور کارکنان کی بڑی تعداد نمائش چورنگی پر موجود ہے۔
دھرنے کے شرکا نے الطاف حسین کے پوٹریٹ اٹھا رکھے ہیں جبکہ کارکنان کی جانب سے الطاف حسین کے حق میں شدید نعرے بازی بھی کی جارہی ہے۔ کارکنان کا کہنا ہے کہ الطاف حسین سے بات کئے بغیر وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے۔
حیدرعباس رضوی کا کہنا تھا کہ قائد ایم کیوایم الطا ف حسین کے حوالے صورتحال انتہائی حساس ہے اورایم کیوایم تمام تر صورتحال کا پرامن طریقے سے مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے صوبہ پنجاب،بلوچستان،خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اورآزادکشمیرسمیت ملک بھرکے حق پرست عوام ماؤں بہنوں،بزرگوں،نوجوان طلبہ وطالبات سے اپیل کی کہ وہ بھی الطاف حسین سے اظہاریکجہتی کے لئے اپنے اپنے شہروں کے پریس کلبوں پرپرامن طورپردھرنادیں ۔
دوسری جانب الطاف حسین کی گرفتاری کی خبر کے ساتھ ہی کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کاروباری مراکز، دکانیں اورپیٹرول پمپس بند ہوگئے جب کہ اندرون سندھ بھی بڑی تعداد میں کارکنان الطاف حسین کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے باہر نکل آئے۔