جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ نے ہاشم آملہ کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقررکردیا
جنوبی افریقا کے کرکٹ بورڈ نے اوپننگ بیٹسمین ہاشم آملہ کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے۔
ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان گریم اسمتھ کے مستعفیٰ ہونے کے بعد کپتانی کی دوڑ میں 31 سالہ ہاشم آملہ کے ساتھ اے بی ڈویلئیرز موجود تھے تاہم بورڈ نے ہاشم آملہ پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے انہیں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا جبکہ اے بی ڈویلیئرز ٹیسٹ ٹیم میں بطور وکٹ کیپر اور نائب کپتان کی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
کپتانی کا پروانہ ملنے کے بعد ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لئے فخر کی بات ہے لیکن ذمہ داری ملنے کے بعد انہیں اپنی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ٹیم کو بھی متحد رکھ کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے گریم اسمتھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسمتھ کی قیادت میں ٹیم نے بھرپور کامیابیاں حاصل کیں اور ان کامیابیوں کے سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہاشم آملہ 75 ٹیسٹ میچز میں 21 سنچریوں اور 27 نصف سنچریوں کی مدد سے 6 ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں اور آئندہ ماہ دورہ سری لنکا کے دوران 2 ٹیسٹ میچز سے اپنی کپتانی کے سفر کا آغاز کریں گے۔