قتل کی 27 وارداتوں میں 3 ٹارگٹ کلرز کی شناخت پریڈ ہوگئی کار لفٹر کا اعتراف جرم

کالعدم تنظیم کے ٹارگٹ کلرز پر 70 قتل کے مقدمات درج ہیں،عدالت نے ملزمان کوجیل بھیجنے کا حکم دے دیا

کار لفٹر نے کراچی سے درجنوں گاڑیاں چوری کرکے بہاولپور، صادق آباد اور خانپور میں فروخت کیں،عدالت نے جسمانی ریمانڈ دیدیا۔ فوٹو فائل

پولیس نے70 افراد کے قتل میں ملوث 3 گرفتار ملزمان کو شناخت پریڈ کیلیے مختلف عدالتوں میں پیش کردیا، بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے سرغنہ نے عدالت میں درجنوں گاڑیاں چوری کرکے فروخت کرنے کے جرم کا اعتراف کرلیا۔


تفصیلات کے مطابق پولیس نے70 سے زائد قتل کی وارداتوں میں ملوث 3 گرفتار ملزمان کو شناخت پریڈ کیلیے سٹی کورٹ کی مختلف عدالتوں میں پیش کیا، شناخت پریڈ کے بعد ضلع شرقی کی 6 سے زائد عدالتوں نے ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں گرفتار ابوتراب ، فیصل اور فرقان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے، ملزمان کیخلاف کئی تھانوں میں70سے زائد قتل کی وارداتوں کے مقدمات درج ہیں جن میں ملزمان گرفتار ہیں، ملزمان کی27 قتل کی وارداتوں میں شناخت پریڈ ہوچکی ہے جبکہ ملزمان کا تعلق کالعدم مذہبی تنظیم سے ہے، دریں اثنا تھانہ شارع نورجہاں نے کئی گاڑیاں چوری کرنے اور جنوبی پنجاب لے جاکر فروخت کرنے والے عادی ملزم عبدالماجد کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی غلام مرتضٰی میتھلو کے روبرو پیش کیا۔

اس موقع پر ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ وہ 2012 میں بھی گاڑیاں چوری کرنے کے الزام میں گرفتار ہوچکا ہے، ملزم نے کراچی کے مختلف علاقوں سے درجنوں گاڑیاں چوری کرکے اور بہاولپور، صادق آباد اور خانپور میں فروخت کرنے اور درجنوں گاڑیوں سے سی این جی کٹس نکال کر اندورن سندھ فروخت کرنے کا اعتراف کیا، پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عادی مجرم ہے اس قبل بھی گرفتار ہوچکا ہے ملزم سے خاتون زبیدہ کی چوری شدہ سوزوکی کار اور سعیداحمد کی ہائی روف برآمد کی ہے ملزم سے پنجاب میں فروخت کی گئی گاڑیاں برآمد کر نی ہیں اور گروہ کے اراکین کی گرفتاری ملزم کی نشاندہی پر کرنی ہے ، 14 دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے، فاضل عدالت نے9 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ملزم کو پولیس کی تحویل میں دیدیا۔
Load Next Story