اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کیلئے5 امیدواروں کے نام یونیورسٹی کی سینیٹ کو ارسال

ایچ ای سی کے چیئرمین نے دیگر اراکین کی طرح براہ راست مارکنگ کی، جس سے امیدواروں کی ترتیب بدل گئی

تلاش کمیٹی کے 5 میں سے تین نام صدر مملکت کو بھجوائے جائیں گے—فوٹو: فائل

وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تلاش کے لیے تشکیل دی گئی تلاش کمیٹی نے یونیورسٹی کی سینیٹ کے لیے 5 امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کرلیا ہے۔

تلاش کمیٹی نے سندھ سے تعلق رکھنے والے بہتر اکیڈمک استعداد کے حامل پوٹینشل امیدوار آئی بی اے سکھر کے پروفیسر مدد علی شاہ کو کنوینر کمیٹی کی جانب سے کم مارکس دینے کے بعد آؤٹ کر دیا گیا ہے اور کمیٹی نے 10 میں سے 5 امیدواروں کو منتخب کرتے ہوئے ان کے نام یونیورسٹی کی سینیٹ میں بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مذکورہ 5 امیدواروں میں سرفہرست پروفیسر جہاں بخت، دوسرے نمبر پر قائد اعظم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ، تیسرے پر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری، چوتھے پر ڈاکٹر اظہر محبوب اور پانچویں نمبر پر ڈاکٹر ذاکر زکریا کو شامل کیا گیا ہے۔

تلاش کمیٹی کے اجلاس میں ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے کنوینر ڈاکٹر مختار احمد نے اراکین کو بتایا کہ وہ اپنے سابقہ فیصلے کے برعکس اب امیدواروں کو ایوریج مارکس نہیں دے رہے ہیں بلکہ دیگر اراکین کی طرح وہ براہ راست مارکنگ میں شامل ہو رہے ہیں۔


کمیٹی کے ایک رکن کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی کی جانب سے جب براہ راست مارکنگ کی گئی اس کے بعد کئی امیدواروں کے ناموں کی پرانی ترتیب تبدیل ہوگئی اور مدد علی شاہ چوتھے کے بجائے چھٹے نمبر پر چلے گئے جس کے سبب ان کا نام سینیٹ کو بھجوائی جانے والی فہرست سے باہر ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر مختار احمد کو چوتھے نمبر پر موجود امیدوار کے نام پر بھی اعتراض تھا۔

واضح رہے کہ جمعے کو منعقدہ اجلاس میں چیئرمین ایچ ای سی آن لائن شریک تھے جبکہ دیگر اراکین میں ناردہ پنجوانی، ڈاکٹر سروش لودھی، اے کیو مغل، کاشف رفعت اور اخلاق احمد ایچ ای سی کے ریجنل دفتر کراچی میں شریک ہوئے۔

یاد رہے کہ سینیٹ کی جانب سے ان موصول 5 ناموں میں سے 3 نام یونیورسٹی کے چانسلر(صدر مملکت) کو بجھوائے جائیں گے جو ان میں سے کسی ایک امیدوار کا بطور وائس چانسلر تقرر کریں گے۔
Load Next Story