ایم کیوایم کا الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف دھرنا جاری رکھنے کا اعلان
ایم کیوایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے صبر کا امتحان ابھی ختم نہیں ہوا ہم بیٹھے ہیں اور بیٹھے رہیں گے۔
کراچی میں نمائش چورنگی پر جاری دھرنے میں حیدر عباس رضوی نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا گرفتاری کے بعد آنے والا پہلا بیان پڑھ کر سنایا جسے سن کر کارکنان نے الطاف حسین کے حق میں نعرے بازی کی۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب میں رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی نے دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اندازہ تھا اگر صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑا تو الطاف حسین کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، ہمیں صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا اور اپنا نظم وضبط مثالی رکھنا ہے لیکن ہمارے صبر کا امتحان ابھی ختم نہیں ہوا ہم بیٹھے ہیں اور بیٹھے رہیں گے۔
حیدرعباس رضوی نے کہا کہ الطاف حسین سے متعلق صدمہ کارکنوں نے اپنےد ل پر برداشت کیا ،کارکن کونے میں چھپ کر روئے لیکن سڑکوں پر کچھ نہیں کیا ،ہم ایم کیوایم کے سمجھ دار جانثاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جبکہ قائد ایم کیوایم الطاف حسین کا پہلا پیغام بھی ان ہی جانثار بھائیوں اور بہنوں کے لیے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پیپلزپارٹی،مسلم لیگ(ن) سمیت دیگر جماعتوں کے تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں۔