موت کا ڈراما پونم پانڈے کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ
بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے ممبئی پولیس کمشنر کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پونم پانڈے اور اُن کی مینجر کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے کیونکہ اُنہوں نے موت کا مذاق اُڑایا ہے۔
آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ماڈل اور اداکارہ پونم پانڈے کا جعلی پی آر اسٹنٹ انتہائی غلط ہے، خود کی تشہیر کے لیے سروائیکل کینسر جیسے مرض کا استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔
خط میں کہا گیا کہ اس جھوٹی خبر کے بعد اب لوگ فلم انڈسٹری میں کسی کی بھی موت کی خبر پر مشکل سے یقین کریں گے لہٰذا پونم پانڈے اور اُن کی مینجر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی شہرت کے لیے موت کا ڈراما نہ کرے۔
Subject: The All Indian Cine Workers Association has requested the Honourable Mumbai Police Commissioner to file an FIR against model and actress Poonam Pandey and her manager.
واضح رہے کہ 2 فروری کی صبح پونم پانڈے کے آفیشل انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سروائیکل کینسر کی وجہ سے اداکارہ کی موت ہوگئی ہے۔
پونم پانڈے کی اچانک موت پر بھارتی شوبز انڈسٹری کو گہرا صدمہ پہنچا تھا جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی اداکارہ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا تھا۔
مزید پڑھیں: پونم پانڈے کی موت کے ڈرامے پر شوہر نے خاموشی توڑ دی
موت کی خبر کے ایک دن بعد پونم پانڈے منظرِ عام پر آگئی تھیں اور سوشل میڈیا پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کرکے بتایا تھا کہ وہ زندہ ہیں اور بالکل ٹھیک ہیں، اداکارہ کے مطابق اُنہوں نے یہ ڈراما سروائیکل کینسر کی ویکسین کی تشہیری مہم کے لیے کیا تھا۔